ملک بھرمیں آج اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے

آج سرکاری سطح پر اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے فائل فوٹو آج سرکاری سطح پر اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے

پاکستان میں آج اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے۔

یہ دن قائد اعظم کی 11 اگست 1947 کی تاریخ ساز تقریر کی یاد اور ان کے افکار کی روشنی میں منایا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آج سرکاری سطح پر اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے، یہ دن سنہ 2009 سے ہر سال 11 اگست کو منایا جاتا ہے۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں تمام تر تعصبات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے برداشت، سماجی برابری اور بھائی چارہ اپنانے پر زور دیا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ہم وطنوں کا خیال رکھے۔

انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ مملکت میں موجود تمام کمیونٹیز کے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے گا جبکہ انہیں مساوی سہولیات و مواقع میسر ہوں گی تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ یہ دن قائد اعظم کے ان افکار کی یاد دلاتا ہے کہ جب 11 اگست سنہ 1947 کو اپنی تاریخ ساز تقریر میں انہوں نے کہا کہ آپ آزاد ہیں، اپنے مندر، اپنی مساجد یا جہاں آپ عبادت کرنا چاہیں وہاں جانے کے لیے۔

آپ کا مذہب کوئی بھی ہو یا آپ کسی بھی رنگ و نسل سے تعلق رکھتے ہوں، ریاست پاکستان کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔

install suchtv android app on google app store