وزیراعظم عمران خان کا لبنان دھماکوں پر گہرے دکھ کا اظہار

وزیراعظم عمران خان فائل فوٹو وزیراعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے لبنانی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز لبنانی دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیروت میں دھماکے کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دھماکے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع اور ہزاروں افراد زخمی ہوئے، مشکل گھڑی میں ہم لبنانی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے اور متاثرہ خاندانوں کو ہمت دے۔

 

خیال رہے کہ گزشتہ روز بیروت کی بندرگاہ پر واقع گودام میں ہونے والے دھماکے نے پورے شہر کو ہلا کر رکھ دیا، دھماکے سے بندرگاہ اور اس کے نواح میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور کاروباری اور رہائشی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 78 تک پہنچ گئی ہے، حکام نے 4 ہزار سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

لبنان کے وزیر اعظم حسن دیاب کا کہنا ہے کہ بیروت کی بندرگاہ پر واقع گودام میں کئی سالوں سے 2 ہزار 750 ٹن ایمونیم نائٹریٹ موجود تھا جو دھماکوں کی وجہ بنا، انہوں نے کہا ہے کہ ذمہ داروں کو اس تباہی کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

install suchtv android app on google app store