بھارت پاکستان میں امن نہیں دیکھ سکتا، وزیر خارجہ

بھارت پاکستان میں امن نہیں دیکھ سکتا، وزیر خارجہ فائل فوٹو بھارت پاکستان میں امن نہیں دیکھ سکتا، وزیر خارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اسٹاک ایکسچیج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں امن نہیں دیکھ سکتا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج دہشتگردی کے حملے کی بھرپورمذمت کرتا ہوں۔ آج کے حملے کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ رینجرز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیرستان حملے کے بعد بیان دیا تھا کہ بھارت نے سلیپرسیل متحرک کیے ہیں۔ آج کے حملے کے تانے بانے اٹھا کر دیکھ لیے جائیں تو انھیں سلیپر سیل سے ملیں گے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ہمارے جوانوں پر حملے میں بھارت کا ہاتھ تھا۔ بھارت پاکستان میں امن نہیں دیکھ سکتا۔ ہم کرتارپورراہداری کھول رہے ہیں اوربھارت سے امن برداشت نہیں ہورہا۔

شاہ محمود خان نے کہا کہ بھارت دنیا کےسامنے بے نقاب ہورہا ہے۔ چین کے ساتھ لداخ کے معاملے پر بھارت بے نقاب ہوا ہے۔کشمیرمیں بھارت کے مظالم دنیا کے سامنے ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا پاکستان کی قربانیوں کوتسلیم کررہی ہے۔ ہماری ایجنسیز مکمل الرٹ ہیں۔ ہم بھارت کے تمام حربوں کو ناکام بنائیں گے۔ ہم بھارت کو دنیا کے سامنے مزیدبےنقاب کریں گے۔

خیال رہے کہ آج صبح دہشت گردوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کیا تھا تاہم پولیس اور سیکیورٹی گارڈز نے حملہ ناکام بنایا تھا۔ پولیس اور سیکیورٹی گارڈز سے فائرنگ کے تبادلے میں تمام چار حملہ آور مارے گئے تھے۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پولیس سب انسپکٹر سمیت6 افراد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔ فائرنگ سے4 سیکیورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوا۔

ایک پولیس سب انسپکٹر محمد شاہد اور چار سیکیورٹی گارڈز شہید ہوئے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد شہری بھی زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی مقدس حیدر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپکٹر محمد شاہد، پولیس کانسٹیبل سعید اکرم اور سیکیورٹی گارڈ افتخار فضل شہید ہوئے تھے۔

install suchtv android app on google app store