نیب نے احسن اقبال کے خلاف ریفرنس جمع کرانے کے لیے پھر مہلت مانگ لی

پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال فائل فوٹو پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کے خلاف ریفرنس جمع کرانے کے لیے پھر مہلت مانگ لی۔

احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس کی سماعت کے دوران نیب نے ریفرنس جمع کرانے کے لیے پھر مہلت مانگ لی ہے۔

نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا کہ گواہوں کو طلب کیا گیا تھا لیکن وہ کورونا کی وجہ سے نیب میں پیش نہیں ہو رہے، احسن اقبال نے کہا کہ اگر گواہ ہی نہیں ہیں تو مجھے 2 ماہ جیل میں کیوں رکھا ؟

عدالت نے نیب سے نارووال کیس کا ریفرنس پیش نہ کرنے پر رپورٹ طلب کر لی، جج نے سماعت کرتے ہوئے کہا ایسے نہیں چلے گا، تفصیل بتائیں ریفرنس دائر کرنے میں کیا مشکل درپیش ہے؟ دریں اثنا، عدالت نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت 20 جولائی تک ملتوی کر دی۔

عدالت کے باہر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیب پر تنقید کی کہ نام نہاد احتساب میں صرف کردار کشی کی جا رہی ہے، نیب کو لگا دیا جاتا ہے کہ کیس بنا کر لاؤ، لیکن ہم ان کا مقابلہ کریں گے، اس حکومت کے جانے کا وقت آ چکا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا چینی چوروں کو بچانے کے لیے پوری شوگر انڈسٹری کو چور بنا دیا گیا ہے اور تمام شوگر ملز کے خلاف ایف آئی آر کاٹ دی گئی ہے، حکمران ایک ایک کر کے ہر شعبے کو تباہ کر رہے ہیں، ن لیگ دور میں چینی کی قیمت 52 سے 53 روپے رہی، اب چینی 70 روپے فی کلو ہو چکی ہے، ایک طیارہ کریش ہونے پر بھی پوری انڈسٹری کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے، ملک کی ایوی ایشن انڈسٹری مذاق بن گئی۔

انھوں نے نواز شریف کی صحت سے متعلق بتایا کہ نواز شریف کی صحت بہتر ہو رہی ہے، دل کے پروسیجر کی ضرورت ہے، اپائنمنٹ ملنے پر دل کا پروسیجر ہوگا۔

install suchtv android app on google app store