فواد چوہدری کا وزیراعظم کو خط، کس کس نے نوازشریف کو فرار کرانے میں مدد کی؟ اہم انکشافات عیاں

وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری فائل فوٹو وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان سے نوازشریف کے پاکستان میں ہونے والے ٹیسٹ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاحقائق کا منظر عام پرآنا ضروری ہے کہ کس کس نے نوازشریف کو فرار کرانے میں مدد کی۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ، جس میں نوازشریف کے پاکستان میں ہونے والے ٹیسٹ کی تحقیقات کامطالبہ کیا ہے۔

خط میں کہا گیا نوازشریف کی برطانیہ میں تصاویر سےحالت اچھی نظر آرہی ہے اور نوازشریف برطانیہ میں ٹیسٹ رپورٹس بھی حکومت کیساتھ شیئر نہیں کررہے ، تاثر پیدا ہوتا ہے برطانوی لیبارٹریز نے ان کی بیماری کی تصدیق نہیں کی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے پاکستان میں ریلیف کیلئے جعلی ٹیسٹ رپورٹس تیار کی گئیں ، لگتاہے حقائق مسخ کرکے ان کے بیرون ملک جانے کی راہ ہموار کی گئی۔

وفاقی وزیر نے خط میں کہا پاکستان میں نوازشریف کی ٹیسٹ رپورٹس کی تحقیقات کی ضرورت ہے، حقائق کا منظر عام پر آنا ضروری ہے ،وزیراعظم تحقیقات کا حکم دیں۔

فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ نوازشریف کی ٹیسٹ رپورٹس کیلئے انکوائری کمیٹی بنائی جائے ، تحقیقات میں سامنے آنا چاہیے کس کس نے نوازشریف کو فرار کرانے میں مدد کی۔

یاد رہے چند روز قبل لندن میں زیر علاج سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلخانہ کے ہمراہ نئی تصاویر سامنے آئی تھیں ، جس میں نوازشریف کو اہل خانہ کے ہمراہ ہائیڈ پارک پلیس کے سامنے حسن نواز کے دفتر کے عقبی حصے میں بیٹھ کر چائے پیتے دیکھا جاسکتا تھا، نوازشریف کو کورونا لاک ڈاؤن کے دوران پہلی بار گھر سے باہر دیکھا گیا تھا۔

install suchtv android app on google app store