کورونا وائرس: تاریخ میں پہلی بارموٹر وے پولیس اہلکاروں کی تربیت کے لیے آن لائن کورس متعارف

موٹروے پولیس فائل فوٹو موٹروے پولیس

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پولیس اہلکاروں کی گھر بیٹھے تربیت کے لیے آن لائن کورس متعارف کرادیا گیا۔

موٹروے پولیس نے اہلکاروں کی تربیت کے لیے پاکستان میں پہلی بار آن لائن پولیس ٹریننگ کورس متعارف کرایا جس کے تحت اہلکاروں کو آن لائن کلاسز دی جائیں گی۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر پولیس ٹریننگ کالج میں اہلکاروں اور افسران کی تربیتی سرگرمیاں مؤخر تھیں جس کی وجہ سے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا پڑا۔

انسپیکٹر جنرل موٹروے پولیس سید کلیم امام نے آن لائن کلاسز کا باقاعدہ آغاز کیا۔ موٹروے پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرولنگ کرنے والے افسران کےدسویں پروبیشن کورس کی آن لائن کلاسزکا آغاز کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ’پہلےمرحلےمیں تھیوری کےتمام مضامین پڑھائےجائیں گے، بعد ازاں حالات بہتر ہونے پر عملی مشقیں کروائی جائیں گی‘۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے متعدد اہلکاروں کو کرونا کی تشخیص ہوئی جبکہ چند افسران و اہلکار وائرس کی وجہ سے شہید بھی ہوئے۔

حال ہی میں کراچی میں تعینات 20 پولیس اہلکاروں میں کرونا کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبہ سندھ میں متاثر ہونے والے اہلکاروں اور افسران کی تعداد 200 تک پہنچ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سینئر پولیس افسر سمیت پانچ پولیس اہلکاروں میں کورونا کی علامات ظاہر ہوئیں جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

install suchtv android app on google app store