کورونا وائرس: آئی ایس پی آر نے طبی عملے کی رہنمائی کیلئے دستاویزی فلم تیار کر لی

آئی ایس پی آر نے طبی عملے کی رہنمائی کیلئے دستاویزی فلم تیار کر لی ہے فائل فوٹو آئی ایس پی آر نے طبی عملے کی رہنمائی کیلئے دستاویزی فلم تیار کر لی ہے

پاکستان میں کورونا وائرس کے خلاف برسرپیکار طبی عملے کی رہنمائی کیلئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے دستاویزی فلم تیار کی ہے جس میں ذاتی حفاظتی سامان کے استعمال کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ہے۔

کورونا وبا کیخلاف صف اول میں لڑنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈکس کا تحفظ ضروری ہے جس کیلئے انفرادی حفاظتی سامان بارے مکمل آگہی اور درست استعمال ناگزیر ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے وزارت صحت اور ماہرین کے اشتراک سے پہلے ہی رہنما اصول، ضابطہ کار تیار کر کے مختلف جگہوں پر آویزاں کیے گئے تھے۔

کورونا کیخلاف فرض نبھانے والے ہراول دستے کے ہر عظیم مجاہد تک رہنما اصول و ضوابط پہنچائے گئے۔ ان رہنما اصولوں اور ضابطہ کار سے فوائد کے حقیقی حصول کیلئے ایک دستاویزی فلم بھی تیار کی گئی۔

دستاویزی فلم میں بتایا گیا کہ کب، کس وقت، کن حالات میں کونسا انفرادی حفاظتی سامان یا آلات استعمال کرنے ہیں۔

آئی ایس پی آر کی تیار کردہ دستاویزی فلم میں انفرادی حفاظتی سامان اور آلات کے استعمال کا مکمل طریقہ کار واضح بتایا گیا۔ فلم ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس اور شعبہ صحت سے وابستہ دیگر افراد کیلئے بہترین بصری مدد ہے۔

ضابطہ کار اور رہنما اصولوں کا مقصد انفرادی حفاظتی سامان اور آلات کا ہر ممکن درست استعمال ہے اور اس فلم سے ڈاکٹرز کی معاونت، انفرادی حفاظتی سامان اور وسائل کے بہتر استعمال میں مدد مل سکے گی۔

اس اقدام سے انفرادی حفاظتی سامان اور آلات کے غیر ضروری استعمال کی بھی حوصلہ شکنی ہو گی۔ حفاظتی سامان طبی مراکز کے اندر، مریضوں کے پاس، آؤٹ پیشنٹ، سماجی، لیبارٹری، نمونے لینے کی جگہ پر ضروری ہے۔

معاون خصوصی ڈاکٹرظفرمرزا نے اس حوالے سے بتایا کہ آئی ایس پی آر کی مدد سے طبی عملے کی تربیت کے لیے بنائی گئی ویڈیو کورونا سے متاثرہ افراد کا علاج کرنے والے طبی عملے کےلیے مدد گار ثابت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن ورکرز کا تحفظ ضروری ہے اور مذکورہ ویڈیو کا لنک جلد ویب سائٹ پر اپلوڈ کریں گے۔

 

install suchtv android app on google app store