کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے حکومت کے اقدامات تسلی بخش ہیں, صدر مملکت عارف علوی

صدر مملکت عارف علوی فائل فوٹو صدر مملکت عارف علوی

صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کا بہت اچھا مقابلہ کر رہا ہے، ہماری ضرورت ہے کہ زرعی شعبوں کی بندشوں کو کم رکھیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے بلوچستان میں کورونا کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔

اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کوروناکی وبا سے نمٹنے کے لیے حکومت بلوچستان کے اقدامات تسلی بخش ہیں، وفاقی وصوبائی حکومتیں کورونا کی روک تھام کے لیے مربوط لائحہ عمل جاری رکھیں۔

صدر پاکستان نے حکام کو ہدایت کی کہ لاک ڈاؤن کے دوران غریب افراد کی معاونت کو یقینی بنایاجائے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کورونا کے مقابلے میں ہماری طاقت بہتر ہوتی جارہی ہے، لاک ڈاؤن کتنا ہونا چاہیے یہ بحث دنیا کے ہر ملک میں ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین میں بھی لاک ڈاؤن کے ضابطہ کار 7 بار بدلے گئے تھے، ہماری ضرورت ہے کہ زرعی شعبوں کی بندشوں کو کم رکھیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کورونا کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جانی چاہیے،پاکستان کورونا وائرس کا بہت اچھا مقابلہ کر رہا ہے، ہمیں پوری امید ہے کہ پورا ملک کوروناکی صورتحال کا مقابلہ کرلےگا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعدادساڑھے 15 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جن میں سے 343 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

install suchtv android app on google app store