پاک ایران سرحد عارضی طور پر کھول دی گئی، 300 پاکستانی زائرین کو ملک میں داخلے کی اجازت مل گئی

پاک ایران بارڈر فائل فوٹو پاک ایران بارڈر

اسسٹنٹ کمشنر تفتان نجیب اللہ قمبرانی نے تصدیق کی ہے کہ پاک ایران سرحد پر یکطرفہ امیگریشن عارضی طور پر کھول دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فیصلے کے تحت ایران میں پھنسے 300 سو پاکستانی زائرین ملک میں واپس آسکیں گے۔

نجیب اللہ قمبرانی نے بتایا کہ واپس آنے والوں میں زائرین سمیت دیگر پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ ایران میں پھنسے پاکستانیوں کے ویزا ختم ہونے والے تھے۔

علاوہ ازیں انہوں نے مزید بتایا کہ ایران سے پاکستان میں داخل ہونے والوں کی اسکریننگ کی جارہی ہے اور واپس آنے والوں میں زائرین کو ہر صورت قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ واپس آنے والے دیگر شہریوں کو تسلی بخش اسکریننگ کے بعد ہی انہیں جانے دیا جائے گا۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے ٹوئٹ میں کہا کہ پاک ایران سرحد پر پھنسے تقریباً 350 پاکستانیوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔

پاکستان کو سرحد عبور کرنے کا عمل جاری ہے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں پاکستان نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر ایران کی سرحد پر پانچوں داخلی مقامات تفتان ، گوادر ، تربت ، پنجگور اور واشوک کو عارضی طور پر بند کردیا تھا۔

اس وقت ایران میں لگ بھگ 5 ہزار پاکستانی زائرین ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں 22 سالہ نوجوان میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے 26 فروری کو دوسرے کیس کی بھی تصدیق کردی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'دونوں کیسز کا کلینیکل اسٹینڈرڈ پروٹوکولز کے مطابق خیال رکھا جارہا ہے اور دونوں افراد کی حالت مستحکم ہے۔'

کورونا وائرس گزشتہ برس کے آخر میں چین کے صوبے ہوبے کے دارالحکومت ووہان میں سامنے آیا تھا جس کے بعد جنوری میں مزید کیسز سامنے آگئے تھے اور چین نے سخت اقدامات کیے تھے۔

دنیا کے سب سے بڑے آبادی کے حامل ملک میں شروع ہونے والے اس مہلک وائرس سے مزید 71 ہلاکتیں ہو گئی ہیں جس سے صرف چین میں اس وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 2ہزار 633 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 77 ہزار سے زائد افراد اب تک اس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

چین کے بعد سب سے زیادہ 977 کیسز جنوبی کوریا سے رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 10 افراد جان کی بازی بھی ہار چکے ہیں، کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں ایران دوسرے نمبر پر ہے جہاں 19 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

install suchtv android app on google app store