شریف خاندان کی پریشانیوں میں ہوا مزید اضافہ، ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا

 شریف خاندان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ فائل فوٹو شریف خاندان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ

 شریف خاندان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو گیا، ایک اور نیا اسکینڈل شواہد کے ساتھ سامنے آگیا

شریف فیملی کی مبینہ منی لانڈرنگ اور بے نامی کمپنیوں کا ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا ہے۔

نیب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز نے مبینہ منی لانڈرنگ کے لیے اپنے قریبی دوست کا سہارا لیا۔

نیب ذرائع کے مطابق شریف فیملی کے  لیے منی لانڈرنگ کرنے کے الزامات میں گرفتار نثار احمد سلمان شہباز کے بچپن کے دوست ہیں۔  سلمان شہباز نے مبینہ منی لانڈرنگ اور بے نامی کمپنیوں کے لیے اپنے دوست کا سہارا لیا۔

نیب ذرائع کے مطابق نثار احمد،علی احمد خان اور سلمان شہباز کالج میں ایک ہی کلاس میں پڑھتے رہے ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق سلمان شہباز کی جانب سے نثار احمد کو 11 کروڑ سے زائد کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔ سلمان شہباز نے سیاسی اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے نثار احمد کو چیف منسٹر ہاؤس پنجاب تعینات کروایا تھا۔

ذرائع کے مطابق نثار احمد چیف منسٹر ہاؤس پنجاب ڈائریکٹر پولیٹکل افئیرز کے طور پر تعینات رہے ہیں۔ نثار احمد اور علی احمد خان شریف فیملی کی بے نامی دار کمپنیوں کو بھی دیکھتے رہے ہیں۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان شہباز نے نثار احمد کے نام سے یونی ٹاس کمپنی اور گڈ نیچر ٹریڈنگ کمپنی بنائی گئی۔ نثار احمد 2009 سے 2018 کے دوران سرکاری ادارے میں ملازمت بھی کرتا رہا۔

ذرائع کے مطابق نثار احمد اس دوران چیف منسٹر ہاؤس اور شریف فیملی کی کمپنیوں کا ڈائریکٹر بھی تھا۔ یہ کمپنیاں شریف فیملی کے لیے مبینہ طور پر منی لانڈرنگ اور دیگر فوائد کے لیے قائم کی گئی تھیں۔

نیب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یونی ٹاس اور گڈ نیچر سے شریف فیملی اب تک 5 ارب روپے تک کا فائدہ حاصل کر چکی یے۔ نثار احمد کیخلاف مبینہ منی لانڈرنگ کرنے کے شواہد بھی موصول ہوئے ہیں۔

نیب کے مطابق ملزم نثار احمد ایس اینڈ جی اے ڈی پنجاب میں 2009 سے 2018 تک کنٹریکٹ پر بھی کام کرتا رہا ہے۔

خیال رہے کہ چیئرمین نیب نے 30 جولائی 2019 کو نثار احمد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ نثار احمد کو 24 اکتوبر 2019 کو گرفتار کیا گیا۔ نثار احمد نے 58 روز تک نیب کی حراست میں جسمانی ریمانڈ کاٹا۔ نثار احمد اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

install suchtv android app on google app store