نیب کا شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

نیب فائل فوٹو نیب

نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی چیئرمین، پراسیکیوٹر جنرل، ڈی جی نیب آپریشن ودیگرحکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں آج 2 رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کی ضمانت منظور کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے دونوں لیگی رہنماؤں کو ایک ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ان کی رہائی کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ یکم فروری کو مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال نے 4 روز قبل ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی۔

install suchtv android app on google app store