غیر شریفانہ مغربی ثقافتی رسومات کی وجہ سے عورتوں کیخلاف جرائم میں اضافہ ہوا ہے: علامہ قاضی نیاز حسین نقوی

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی فائل فوٹو وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کہاکہ اسلام میں شرعی ضابطہ کے علاوہ لڑکے، لڑکی کی دوستی کا کوئی تصور نہیں۔

علامہ قاضی نیازحسین نقوی نے لاہور میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قرآنی احکام کی رو سے عورت کے چلنے میں بھی حددرجہ شریفانہ انداز اپنانے کا حکم ہے، میاں بیوی بھی سرعام اظہار محبت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ویلنٹائن ڈے جیسی غیر شریفانہ مغربی ثقافتی رسومات کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں عورتوں کیخلاف جرائم میں اضافہ ہوا ہے، اسلام کی رو سے اپنے پیاروں سے اظہار محبت ایک دن نہیں بلکہ پورا سال ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شرافت، عفت، حیا عورت کو باوقار بناتی ہے جبکہ شرم و حیا کے منافی رویے اسے نظروں سے گرا دیتے ہیں۔ عورت، مرد کا اختلاط فقط میاں بیوی ہونے کی صورت میں ہی جائز ہے۔

علامہ قاضی نیازحسین نقوی کا کہناہے کہ نامحرم سے فقط ضروری حد تک اسلامی حدود و قیود میں ہی بات چیت ہو سکتی ہے۔ میڈیا الٰہی احکامات، ملکی قوانین، اسلامی تہذیب اور مشرقی روایات کے تناظر میں ویلنٹائن ڈے کے نام پر بے حیائی کی حوصلہ شکنی کرے۔

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر نے مزید کہا کہ فکری لحاظ سے محروم معاشرے ہی اغیار کی نقل کرتے ہیں، وطن عزیز بحمدللہ شاندار اسلامی اور مشرقی روایات کا امین ہے مگر افسوس چند سالوں سے اسلامی طرز معاشرت سے نا آشنا یا مادر پدر مہلک آزادی کے دلدادہ عناصر غیر شریفانہ رسومات کی ترویج کے درپے رہتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store