پاکستان اور ترکی کے درمیان عسکری تربیت سمیت 12 مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط

پاکستان اور ترکی کے مابین مختلف یادداشتوں پر دستخط

ترک صدر طیب اردوان کے دورے کے موقع پر پاکستان اور ترکی کے درمیان عسکری تربیت سمیت 12 مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوئے۔

پاکستان اور ترکی کی اسٹریٹجک تعاون کونسل کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور ترک صدر طیب اردوان نے ترکی کی نمائندگی کی۔

اجلاس کے بعد باہمی تجارت کا حجم بڑھانے، ریلوے، ٹرانسپورٹ، پوسٹل سروسز، انفرااسٹرکچر، سیاحت، ثقافت اور خوراک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے 12 ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔

پاکستان ٹیلی وژن اور ترک ٹی وی ٹی آر ٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کی طرف سے پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر منظور جبکہ ریڈیو کے شعبہ میں ڈی جی پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن ثمینہ وقار نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔

سیاحت اور ثقافت کے شعبے میں بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ ترکی حلال ایکریڈیٹیشن ایجنسی اور پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کے درمیان حلال اشیاءکی منظوری اور اس تناظر میں باہمی تعاون بڑھانے کیلئے یادداشت پر دستخط کئے گئے۔

ترکی ایرو اسپیس انڈسٹریز اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مابین دستخط ہوئے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے یادداشت پر دستخط کیے۔

پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت میں سہولت کاری کی مفاہمتی یادداشت اور دونوں ملکوں کے درمیان پوسٹل سروسز کے شعبہ میں تعاون کی مفاہمت کی یادداشت پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے دستخط کیے۔

ریلوے کے شعبہ میں مفاہمت کی یادداشت پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دستخط کیے۔ عسکری تربیت کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے دستخط کیے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاک ترک اکنامک فریم ورک سے متعلق مشترکہ اعلامیے پر دستخط کئے۔ بعد ازاں دونوں رہنماﺅں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔

install suchtv android app on google app store