پاکستان میں کوئی بھی وبا تباہ کن ہوسکتی ہے، چین سے طلبہ کے انخلا کا کوئی منصوبہ نہیں: زلفی بخاری

زلفی بخاری فائل فوٹو زلفی بخاری

معاون خصوصی زلفی بخاری نے فرانسیسی سفیرمارک بریٹی سے ملاقات میں کہا پاکستان کا فی الحال چین سے طلبا کے انخلا کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، پاکستان میں کوئی بھی وبا تباہ کن ہوسکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی زلفی بخاری سے فرانسیسی سفیرمارک بریٹی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں خطے کے سیاسی اور اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومتوں کی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

فرانسیسی سفیر نے کہا فرانس احتیاط کیساتھ ووہان سے شہریوں کے انخلا پر کام کررہاہے، فرانس میں موسم سرما کے فلوکی وجہ سے 15 ہزار افراد ہلاک ہوتے ہیں۔

اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کا فی الحال طلبا کے انخلا کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، حکومت اپنے 220 ملین لوگوں کے تحفظ کی ذمہ دار ہے، پاکستان میں کوئی بھی وبا تباہ کن ہوسکتی ہے، کرونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لئے مالی اعانت منظور کرلی گئی ہے۔

گذشتہ روز معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کی چین کے سفیر یاؤ ژنگ سے ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں کرونا وائرس سے متاثرہ چینی شہر ووہان میں پاکستانی طلبا کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا تھا۔

زلفی بخاری نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی واپسی تک تمام ہم وطنوں کا خصوصی خیال رکھا جائے، اسپیشل کیسز کی صورت میں چینی حکومت خصوصی تعاون کرے، سفارتخانے کے اہلکاروں اور پاکستانی شہریوں میں رابطے آسان بنائے جائیں۔

زلفی بخاری نے صورتحال کی خود نگرانی کے لیے چین جانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا خواہش ہے مشکل وقت میں ہم وطنوں کے پاس جاؤں۔ چینی سفیر یاؤ ژنگ کاکہنا تھا کہ آپ کی سوچ قابل تعریف ہے مگر ابھی وہاں جانا مناسب نہیں، ہم وطنوں کے لیے آپ کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store