وزیرخارجہ 2روزہ سرکاری دورے پر کینیا روانہ، افریقہ کی طرف توجہ دینے کا فیصلہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی فائل فوٹو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے افریقہ کی طرف توجہ دینے کا فیصلہ کیا، دو روزہ “انگیج افریقہ معاشی سفارتکاری کانفرنس ‘‘میں شرکت کروں گا، امید ہے کانفرنس سے پاکستان کےلیے بہتر ثمرات سامنے آئیں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 2روزہ سرکاری دورے پر کینیا روانہ ہوگئے، کینیا روانگی سے قبل وزیرخارجہ نے دورہ کینیا سے متعلق ویڈیو پیغام میں کہا ایک آزاد اور خودمختارخارجہ پالیسی کےلیے معاشی استحکام لازم ہے، وزارت خارجہ نے معاشی سفارت کاری کو بطور اصول اپنایا ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ معاشی سفارت کاری کے تحت “انگیج افریقہ” کانفرنس منعقد کرائی، افریقہ میں تجارت اورسرمایہ کاری کے بےشمار مواقع ہیں، ماضی میں افریقہ کی طرف وہ توجہ نہیں دے سکے جو دینی چاہیے تھی، حکمت عملی تبدیل کرتےہوئے افریقہ کی طرف توجہ دینے کا فیصلہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا صدر نے انگیج افریقہ کانفرنس کا افتتاح کیا، وزیر اعظم نے خطاب کیا، حکمت عملی کو آگے بڑھاتے ہوئے کینیا روانہ ہورہا ہوں، دو روزہ “انگیج افریقہ معاشی سفارتکاری کانفرنس ‘‘میں شرکت کروں گا، عبدالرزاق داؤد کانفرنس کی صدارت کریں گے، 100 کے قریب ہمارے تاجروں کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ہم نےافریقہ کی اہم کاروباری شخصیات کوبھی مدعو کر رکھاہے، کوشش ہے تبادلہ خیال کے ذریعے افریقہ میں اپنی رسائی کوفروغ دیں، کینیا، افریقہ کا گیٹ وے ہے، اس سےگہرےاور دیرینہ مراسم ہیں۔

وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ کینیا کے صدر کنیاٹا اور ان کے وزیر خارجہ سےملاقات کروں گا، کوشش ہوگی کانفرنس سے افریقی ممالک سے تعلقات مضبوط ہوں، کانفرنس میں افریقی ممالک میں موجود ہمارے سفراء شریک ہورہے ہیں ، امید ہے کانفرنس سے پاکستان کےلیے بہترثمرات سامنے آئیں گے۔

install suchtv android app on google app store