ریلوے خسارہ کیس: شیخ رشید کی 12 فروری کو لگے گی پھر پیشی، 2 ہفتے میں ریلوے کا بزنس پلان طلب

وزیر ریلوے شیخ رشید فائل فوٹو وزیر ریلوے شیخ رشید

سپریم کورٹ نے ایم ایل ون کی منظوری ترجیحی بنیادوں پر دینے کا حکم دیتے ہوئے شیخ رشید سے ریلوے کا بزنس پلان طلب کرتے ہوئے کہا پلان پرعمل نہ کیا تو توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں ریلوےخسارہ کیس کی سماعت ہوئی ، وزیرریلوے شیخ رشید عدالت میں پیش ہوئے ، دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا ایم ایل ون کیلئے اب تک ٹینڈر کیوں جاری نہیں کیا گیا، وزارت منصوبہ بندی ریلوے کی بات نہیں سن رہی تو کس کی سنے گی۔

شیخ رشید نے بتایا وزارت منصوبہ بندی کو ایم ایل ون کی ٹینڈر کی ہدایت کی جائے، ایم ایل ون 1800کلو میٹرطویل ٹریک ہے، ریلوے میں انقلاب آئے گا، ایم ایل ون کا پی سی ون جمع کروا چکے ہیں، وزارت ریلوے نے صرف اب ٹینڈر جاری کرنا ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کراچی سرکلر سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے تعاون کرے اور ایم ایل ون کی منظوری ترجیحی بنیادوں پر کی جائے۔

سپریم کورٹ نے وزارت منصوبہ بندی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وزیرمنصوبہ بندی اور پلاننگ کمیشن حکام کو طلب کرلیا اور سماعت12 فروری تک ملتوی کردی۔

وکیل ریلوے نے کہا عدالتی حکم پر وزیر ریلوے عدالت میں پیش ہیں، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ وزیر صاحب بتائیں کیا پیش رفت ہے، آپ کا سارا کچاچٹھا تو ہمارے سامنے ہے، میرے خیال سے ریلوے کو آ پ بند ہی کردیں، جیسےچلائی جا رہی ہے ہمیں ایسی ریلوےکی ضرورت نہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا 70لوگ جل گئے بتائیں کیا کارروائی ہوئی، جس پر شیخ رشید نے بتایا آگ لگنے کے واقعے پر19 لوگوں کیخلاف کارروائی کی گئی تو چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ گیٹ کیپر اور ڈرائیوز کو نکالا گیا ،بڑوں کو کیوں نہیں۔

شیخ رشید نے کہا بڑوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا سب سے بڑے تو آ پ خود ہیں، بتادیں70 آدمیوں کے مرنے کا حساب آپ سے کیوں نہ لیا جائے، ٹرین جلنے کے واقعے کے بعد تو آپ کو استعفیٰ دے دینا چاہیےتھا۔

عدالت نے کہا سرکلر ریلوے ٹریک کی بحالی کیلئے مزید وقت نہیں دیا جائے گا، سرکلر ریلوےسے بے گھر ہونیوالوں کی بحالی ریلوے کی ذمہ داری ہوگی۔

سپریم کورٹ نے شیخ رشید سے ریلوے کا بزنس پلان طلب کرتے ہوئے کہا 2 ہفتےمیں ریلوے سے متعلق جامع پلان پیش کریں ، شیخ رشید نے پلان پرعمل نہ کیا توتوہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

 

 

install suchtv android app on google app store