عوام اب معاشی قتل برداشت نہیں کرسکتے، ن لیگ اور پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیوں میں فرق نہیں: بلاول زرداری

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اسکرین گریب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام دشمن ہے، پی ٹی آئی غریب دشمن معاشی پالیسی پر چل رہی ہے، ن لیگ اور پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیوں میں فرق نہیں، عوام دشمن حکومت سے عوام کو حق دلوانا پڑے گا، ماننا پڑے گا طاقت کا سرچشمہ عوام ہے ورنہ گھر جانا ہوگا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام اب معاشی قتل برداشت نہیں کرسکتے، حکومت ہر طر ف سے عوام کےلئے عذاب بن چکی ہے، گیس، بجلی، پیٹرول سمیت ہر چیز مہنگی کردی گئی ہے، ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھاکہ تجاوزات کے نام پر غریب عوام کے سر سے چھتیں چھین لی گئیں، پی ٹی آئی حکومت ہر طرح سے غریب عوام کا خون چوس رہی ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پنجاب کا آئی جی تبدیل ہوجاتا ہے لیکن وزیراعلیٰ کو پتہ ہی نہیں ہوتا، کیا آج تک سندھ ایک کالونی ہے؟

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے وزرا کم وسائل میں زیادہ کام کررہے ہیں، ایک سال سے سندھ میں جرائم بڑھ رہے ہیں، پنجاب کا آئی جی تبدیل ہوجاتا ہے لیکن کسی کو پتہ ہی نہیں ہوتا،اپنی ناکامی اور نااہلی چھپانے کےلئے سب کچھ کیاجارہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال پر عوام ہم سے ناراض ہیں، نالائق حکومت ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے، ایک پاکستان میں قانون بھی ایک ہی ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پانی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سندھ حکومت نے تاریخی منصوبے کا افتتاح کیا ہے، پانی کا مسئلہ حل کرنا سندھ حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں پانی کا مسئلہ ایک دن میں حل نہیں ہوسکتا،سندھ حکومت نے ہزاروں کلومیٹر کی پانی کی پائپ لائنز بچھائیں، لیاری میں بھی پانی کی فراہمی کا منصوبہ چل رہا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وفاق اٹھارویں ترمیم کے تحت سندھ کو حقوق دے،وفاق نے منصوبوں کےلئے سندھ کو ابھی تک فنڈز نہیں دیئے، وفاق نے سندھ میں ایک پتھر تک نہیں لگایا،انہوں نے کہا کہ سندھ میں واٹر پائپ لائن کے منصوبے چل رہے ہیں،وفاقی وزیر نے اسمبلی میں کہا تھا سندھ کا پانی چوری ہورہا ہے،انہوں نے کہاکہ وفاق سے اپنے مطالبے کی جدوجہد کرتے رہیں گے،وفاق کو سندھ کا حق چھیننے نہیں دیں گے،وفاق سندھ سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔

 

install suchtv android app on google app store