وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دورہِ امریکا مکمل کرکے واپس وطن روانہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی فائل فوٹو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تین روزہ دورہ امریکہ مکمل کرکے واپس وطن روانہ ہو گئے، وزیر خارجہ نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ، امریکی وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور مسئلہ کشمیر سمیت مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے حوالے سے بات چیت کی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تین روزہ اہم دورہ امریکہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرکے واپس وطن روانہ ہو گئے، امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید اور سفارت خانے کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔

وزیر خارجہ کا دورہ ء امریکہ دو مرحلوں پر مشتمل 

پہلے مرحلے میں وزیر خارجہ نیویارک گئے جہاں ان کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ، صدر سیکیورٹی کونسل اور صدر جنرل اسمبلی کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن میں انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور پاکستان کے خدشات کو باور کروایا۔

وزیر خارجہ نے اپنے دورہ ء امریکہ کے دوسرے مرحلے میں امریکی ہم منصب، سینٹ کے سینیئر اراکین، امریکی مشیر برائے قومی سلامتی اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر خارجہ نے ان ملاقاتوں میں مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے، افغان مفاہمتی عمل، خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں اور اپنے حالیہ دورہ ء ایران و سعودی عرب سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو سمیت، واشنگٹن میں پاکستان کانگریشنل کاکس اور پاکستانی کمیونٹی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور امریکی حکام کی طرف سے قیام امن کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو خوب سراہا ۔

install suchtv android app on google app store