مسئلہ کشمیر کے حل تک 'پرامن جنوبی ایشیا' کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا: وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کر رہے ہیں فائل فوٹو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کر رہے ہیں

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ 'پرامن جنوبی ایشیا' کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور لاکھوں کشمیریوں کے استصواب رائے سے حل نہیں کیا جاتا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اسٹیٹ آفس واشنگٹن پہنچے جہاں انہوں نے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پاک ۔ امریکا تعلقات اور اہم علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورہ ایران و سعودی عرب کے دوران ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات سے مائیک پومپیو کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن و استحکام کا خواہاں ہے اور خطے میں پائی جانے والی کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے امریکی ہم منصب کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے گزشتہ پانچ ماہ سے 80 لاکھ کشمیریوں کو کرفیو کے ذریعے محصور کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ذرائع مواصلات پر تاحال پابندی عائد ہے تاکہ اصل حقائق کو دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کا 'پرامن جنوبی ایشیا' کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور لاکھوں کشمیریوں کے استصواب رائے سے حل نہیں کیا جاتا۔

افغان امن عمل کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان اور امریکا کی مشترکہ کاوشوں سے 40 سالہ طویل محاذ آرائی کے بعد سیاسی حل کے ذریعے امن کی نوید سنائی دے رہی ہے، پاکستان خلوص نیت کے ساتھ افغان امن عمل کی اس مشترکہ ذمہ داری کو نبھا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تاریخی اعتبار سے جنوبی ایشیائی خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان اور امریکا کی مشترکہ کاوشیں ہمیشہ سود مند ثابت ہوئی ہیں اور دونوں ممالک کے لیے یکساں مفید رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جامع دوطرفہ پاک-امریکا تعلقات کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغانستان کے سیاسی تصفیے، افغان امن عمل اور پرامن ہمسائیگی کے لیے پاکستان کی مخلصانہ، مصالحانہ کاوشوں کو سراہا۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر امریکا کا دورہ کر رہے ہیں۔

install suchtv android app on google app store