وزیراعظم نے تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم سے ملاقات میں کونسے اہم ہدایات جاری کردئیے؟ جانیے اس خبر میں

وزیراعظم عمران خان فائل فوٹو وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے مشکل مالی حالات کے باعث عوام کی مشکلات کا بخوبی ادراک ہے ، حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ معاشی عمل تیز اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو تاکہ لوگوں کو ریلیف میسر آئے ،تعمیراتی شعبے کے فروغ میں حکومت ہر ممکنہ سہولت کاری فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعمیراتی شعبے کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے وزیر اعظم کو تعمیراتی شعبے کے فروغ کے حوالے سے حکومتی کوششوں پر اب تک ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نے مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ زمینوں اور تعمیرات سے متعلق عدالتوں میں زیر التوا کیسز کو جلد نمٹانے کیلئے اعلیٰ عدلیہ سے خصوصی بینچ بنانے کی درخواست کی جائے۔

وزیر اعظم نے اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ این او سیز کے بجائے قوانین اور قواعد و ضوابط سے مطابقت رکھنے والے نظام کو فروغ دیا جائے ، وزیر اعظم نے اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ تعمیرات سے متعلقہ ریگولیٹری باڈیز میں آباد کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا اور اس کا آغاز اسلام آباد سی ڈی اے سے کیا جائے گا، تعمیرات کے شعبے کو صنعت قرار دیئے جانے کے حوالے سے انہوں نے کہا اس ضمن میں اصولی فیصلہ لیا جا چکا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اس پر جلد از جلد عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعظم نے کہا تعمیرات کے شعبے سے 40سے زیادہ دیگر شعبے وابستہ ہیں لہذا اس کے فروغ سے جہاں معاشی عمل تیز ہوگا وہاں عوام کیلئے نوکریوں کے مواقع پیدا ہونگے۔

دریں اثناو زیر اعظم عمران خان نے کہا رواں سال عوام کے ریلیف کا سال ہے ، حکومتی اہداف عوام تک پہنچائے جائیں ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم نے ملاقات کی جس میں فوکل پرسن سوشل میڈیا ڈاکٹر ارسلان، سینیٹر فیصل جاوید اور دیگر شر یک ہوئے ۔ پی ٹی آئی کے منشورکو عوام تک پہنچانے کیلئے حکمت عملی پروزیر اعظم کوبریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا ٹیم نے اپنے مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا سوشل میڈیا ٹیم کے تمام مسائل حل کریں گے ۔ انہوں نے کہا معاشی استحکام کے حوالے سے عوام کوآگاہ کیا جائے ،تحریک انصاف کی کارکردگی زیادہ سے زیادہ سوشل میڈیا پر اجاگرکی جائے ، سوشل میڈیانئی نسل کی اہم ضرورت ہے۔

install suchtv android app on google app store