"پی ایس ڈی پی پلس" منصوبہ نوجوانوں کیلئے لایا نئی امید کی کرن، روزگار کے مواقع میں اضافہ

وزیر اعظم عمران خان فائل فوٹو وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں نجی شعبے کی شمولیت کےلئے ’پی ایس ڈی پی پلس‘ متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔

ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کی شراکت پر مبنی ’پی ایس ڈی پی پلس‘ منصوبے کا مقصد سماجی و معاشی ترقی کا عمل تیز کرنا ہے۔ پی ایس ڈی پی پلس کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کے لئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

ترجمان وزیراعظم ہاﺅس کا کہناہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں اضافے سے نوجوانوں کیلئے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے، یہ منصوبے بحری امور، ہوابازی، لاجسٹک، انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق ہیں، منصوبوں کا کل تخمینہ تقریباً 5.5کھرب روپے لگایاگیاہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ایس ڈی پی پلس کے تحت مختلف شعبوں میں53 بڑے منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے، منصوبے انفرااسٹرکچر، سوشل سیکٹر، انرجی، رئیل اسٹیٹ اور سیاحت سے متعلق ہیں، پی ایس ڈی پی پلس منصوبہ متعلقہ وزارتوں کو جائزے کیلئے بھیج دیاگیا، اس نوعیت کے دیگر پروجیکٹس بھی اس منصوبے میں شامل کیے جاسکتے ہیں۔ پی ایس ڈی پی پلس کے تحت مختلف منصوبوں پرعمل درآمد پورے ملک میں ہوگا۔

حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کا اجراء سماجی و معاشی ترقی اور معاشی عمل کی تیزی کا سبب بنتا ہے۔ محدود حکومتی مالی وسائل کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں کا حجم مطلوبہ مقدار سے کم رہتا ہے۔ اس قلت کو نجی شعبے کی شراکت سے بہ احسن پورا کیا جاسکتا ہے۔

ترقیاتی منصوبوں میں اضافے سے معاشی عمل تیز اور نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ وزارت منصوبہ بندی کے تخمینوں کے مطابق 2738 ارب روپے کے ترقیاتی اخراجات کے نتیجے میں جی ڈی پی کو 6اعشاریہ7 فیصد تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

 

install suchtv android app on google app store