ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، 2 افسران زخمی

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 افسران زخمی ہوئے ہیں۔ فائل فوٹو لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 افسران زخمی ہوئے ہیں۔

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 افسران زخمی ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 افسران زخمی ہوئے جن میں ایک میجر اور ایک کیپٹن شامل ہے۔

ترجمان کے مطابق بھارتی فوج نے رکھ چکری، راولہ کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ اور مارٹر گولے فائر کیے، پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا۔

یاد رہے کہ 20 اکتوبر کو بھارتی فوج کی بلا اشتعال شیلنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان اور 6 شہری شہید ہوگئے تھے۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی شیلنگ کے نتیجے میں 9 کشمیری زخمی بھی ہوئے اور مزید بتایا کہ یہ رواں برس بھارتی شیلنگ کے نتیجے میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ دیگر 9 زخمی ہوگئے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی کے باعث 2 بھارتی بنکرز بھی تباہ ہوگئے۔

قبل ازیں 15 اکتوبر کو سیکٹر نیزا پیر کے مختلف گاؤں میں بھارتی فوج کی بلااشتعال شیلنگ سے 3 شہری شہید اور 8 زخمی ہوئے تھے۔

ضلع حویلی کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر محمد ظہیر کا کہنا تھا کہ 'شہید و زخمی تمام افراد نیزہ پیر سیکٹر کے مختلف گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں جہاں دوپہر ساڑھے 12 بجے شیلنگ کے سلسلے کا آغاز ہوا جو 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بھارتی فوج نے متعدد گاؤں پر مارٹر گولے برسائے اور شدید شیلنگ کی۔

واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

حکام کے مطابق رواں برس ایل او سی پر بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر میں 50 سے زائد افراد شہید اور 240 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

install suchtv android app on google app store