جمعیت علمائے اسلام ف کاکہنا ہے کہ حکومت کے خلاف جاری پلان بی میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے۔ پلان بی قیادت کے آئندہ احکامات تک جاری رہے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ دھرنے کے خاتمے کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاچوہدری پرویز الٰہی معاہدے کا کہہ رہے ہیں یہ نہیں بتا رہے کہ کس سے ہوا ہے اور کیا بات ہوئی ہے۔ اگرمعاہدہ یا مفاہمت ہوئی ہے تو پرویز الٰہی خود بتا دیں۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی پلان بی میں شامل نہیں ہیں۔ پلان بی کے بعد پلان سی زیادہ مشکل ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی شاہراہیں بند کرنے اور وہاں دھرنا دینے سے عام شہریوں کو پریشانی نہیں ہورہی۔
یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے اسلام آباد میں دس روز سے زائد تک دھرنا دیا گیا تھا اس دوران جہاں حکومتی و اپوزیشن رہنماؤں نے فضل الرحمان سے ملاقاتیں کیں وہیں چوہدری برادران چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی بھی کافی متحرک نظر آئے تھے۔ گزشتہ روز دیئے گئے اپنے ایک بیان میں چوہدری پرویز الٰہی نے اشارہ دیا تھا کہ حکومت اور فضل الرحمان میں کوئی مفاہمت ہے۔