کیا واقعی سعودی عرب نے غیر مسلموں کو حرم مکہ میں داخلے کی اجازت دے دی؟ حیران کن خبر نے تہلکہ مچا دیا

سعودی عرب فائل فوٹو سعودی عرب

 سعودی عرب نے غیر مسلموں کو حرم مکہ میں داخلے کی اجازت دے دی۔

گزشتہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ لوگ حرم شریف میں طواف کے عمل کو دیکھ رہے ہیں، اس ویڈیو کے بارے میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ سعودی عرب نے غیر مسلموں کو حرم مکی میں داخلے کی اجازت دے دی ہے تاہم اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ بات دراصل پراپیگنڈا کے طور پر پھیلائی گئی ہے۔ حقیقت میں یہ وہ لوگ تھے جو نو مسلم تھے جو اپنی زندگی کا پہلا عمرہ کر رہے ہیں اور بہت ذوق و شوق کے ساتھ بیت اللہ شریف کی زیارت کر رہے ہیں۔

جدہ میں مقیم سینئر صحافی اور پاکستان جرنلسٹ فورم کے چیئرمین امیر محمد خان نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے غیر مسلموں کو حرم میں داخلے کی اجازت دینے والی بات محض جھوٹا پروپیگنڈا ہے۔ خدانخواستہ ایسی کوئی بات نہیں ہے‘ جو پابندی قرآن پاک میں لگائی گئی ہے اسے ختم کرنے کی جسارت کون کر سکتا ہے؟ درحقیقت یہ نومسلم لوگ ہیں جو بیت اللہ شریف میں آئے ہیں اور یقینی طور پر ان کا حق بھی بنتا ہے کہ انہیں حرم شریف میں لایا جائے، یہاں کئی ادارے ایسے کام کر رہے ہیں جو اسلام قبول کرنے والے نومسلم افراد کی اسلامی بنیادوں پر تربیت کر رہے ہیں اور بہت سارے لوگ ایسے ہیں جو روزانہ یہاں مسلمان بھی ہوتے ہیں۔یہ ویڈیو انہی نومسلم افراد کی ہے اورسعودی عرب کی جانب سے ہرگزطور پر کسی غیر مسلم کو حرم میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہاکہ یہ محض پروپیگنڈا ہے جو سعودی عرب کے خلاف کیا جارہا ہے ، اس کی سرے سے کوئی حقیقت نہیں ہے۔ مملکت سعودی عرب کیخلاف اس قسم کی شیطانیت کا ارتکاب کرنے والے کبھی اپنے مذموم مقاصدمیں کامیاب نہیں ہو سکتے۔

سینئر صحافی امیر محمد خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے خلاف سوشل میڈیا پر مختلف اوقات میں ایسی بے بنیاد خبریں آتی رہتی ہیں جو کہ یقینی طور پر وہ لوگ پھیلا رہے ہیں جو اسلام کی ترویج، اسلام کی ترقی، اور اسلامی دنیا کی سربراہی کے حوالہ سے سعودی عرب کو مضبوط و مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منافقین ہیں جو مختلف ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پراس قسم کا پروپیگنڈا سعودی عرب کے خلاف کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں چند نومسلم افراد کی بیت اللہ شریف میں موجودگی کو دکھا کرسوشل میڈیا پر یہ پروپیگنڈا کیا جارہا تھا کہ سعودی عرب نے غیر مسلموں کو حرم شریف میں داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ سب جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا ہے ۔

install suchtv android app on google app store