کیا جے یو آئی عمران خان کی حمایتی ہے؟ اندورنی خبر سامنے آگئی

  • اپ ڈیٹ:
جے یو آئی عمران خان کی حمایتی ہے؟ فائل فوٹو جے یو آئی عمران خان کی حمایتی ہے؟

پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے جے یوآئی سندھ کی قیادت سے وضاحت مانگتے ہوئے کہا کہ کیا جے یو آئی عمران خان کی حمایتی ہے؟


نثار کھوڑو نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ راشد محمود سومرو وضاحت دیں کہ اگر جے یوآئی کا جے ڈی اے اور پی ٹی آئی سے اتحاد نہیں ہے تو پی ایس 11 پر ستارے کے نشان پر انتخاب لڑنے والےہمارے مخالف امیدوار کی انتخابی مہم کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے منعقدہ جلسے میں ناصر محمود سومرو نے کیوں شرکت کی۔

لاڑکانہ میں جے یو آئی کا پی ٹی آئی کی جانب سے جی ڈی اے کی حمایت یافتہ ستارے کے امیدوار کی حمایت میں منعقدہ جلسے میں شرکت کرنا کیا جے یوآئی کی پالیسی ہے؟

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اس بات کی بھی وضاحت کرے کہ کیا ان کو مولانا فضل الرحمان نے یہ کہا ہوا ہے کے وفاق میں پی ٹی آئی کی مخالفت کرنی ہے اور سندھ میں مقامی سطح پر پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کے حمایتی امیدوار کے جلسوں میں شرکت کرکے انتخابی مہم چلانی ہے؟

جے یو آئی کی وفاق میں پی ٹی آئی کی مخالفت اور سندھ میں ان کے حمایتی امیدوار کے جلسوں میں شرکت اور تقریریں کرنا کیا دہرا معیار نہیں ہے؟ کیا لاڑکانہ اتحاد کا یہ فیصلہ تھا کہ وہ لاڑکانہ اتحاد کے امیدوار کی حمایت اور جماعتوں کی بھی حمایت حاصل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ راشد محمود سومرو صاحب یہ واضح کریں کہ کیا جے یو آئی کا یہ فیصلہ تھا کہ جے ڈی اے کا حمایت یافتہ امیدوار ان کا بھی حمایت یافتہ امیدوار ہوگا۔ اگر جے یو آئی کا جی ڈی اے اور پی ٹی آئی سے اتحاد نہیں تو کیا راشد محمود سومرو کو جلسوں میں پیر صاحب پگاڑہ اور عمران خان کے بینرز اور فوٹو نہیں دکھائی دیتے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ پی ایس 11 پر ہمارے مخالف امیدوار کے انتخابی بینرز پر عمران خان اور پیرپگاڑہ کی تصاویر آویزاں ہیں۔ کیا جے یو آئی کی پالیسی عمران خان کی حمایت کی ہے۔ میں نہیں سمجھتا کے مولانا فضل الرحمان نے جے یوآئی سندھ کو ایسا کہا ہوگا، وہ پی ٹی آئی اور جے ڈی اے کےحمایت میں کام کرنے والے لاڑکانہ اتحاد میں شامل ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کے راشد محمود سومرو نے ایسا عمل کرکے جے یو آئی کی پارٹی پالیسی کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ راشد محمود سومرو غلط بیانی کرکے خود کو ایکسپوز کررہے ہیں۔ دونوں نے غلط بیانی کرکے اپنے آپ کو بچانے کی ناکام کوشش کی ہے، اب راشد اور ناصر محمود سومرو عوام کو غلط بیانی کرکے گمراہ نہیں کرسکتے۔

install suchtv android app on google app store