ایران اور سعودی عرب تنازع کے حوالے سےوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اہم بات کردی، تفصیل جانیے اس خبر میں

وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی فائل فوٹو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران سے تعلقات بہت بڑا چیلنج ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ہمارا خطہ کسی اور تنازع سے دو چار ہو، کچھ لوگ آگ لگانا چاہتے ہیں لیکن ہم یہ نہیں چاہتے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا ایران، سعودی عرب تنازع میں ہم اپنا کردار ادا کریں گے، ایران کے صدر اور وزیر خارجہ سے بھی بات ہوئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا وزیر اعظم عمران خان کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے بعد مقبوضہ کشمیر میں لوگوں نے کرفیو توڑا اور باہر نکل کر آتش بازی کی، تقریر سے قبل اہم پوائنٹس بنائے گئے تھے، دوسری طرف مودی کی تقریر کے دوران باہر شیم شیم کے نعرے لگے۔

ان کا کہنا تھا ایسا کبھی نہیں ہوا کہ یو این کے باہر ہزاروں پاکستانی اور کشمیریوں نے احتجاج کیا ہو، بھارت کی فرعونیت ہمارے سامنے ہے، آج بھی چھ کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا افغانستان کے مسئلے پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے، زلمے خلیل زاد نے ہمیں بتایا کہ طالبان سے تمام معاملات طے ہو گئے تھے، افغان امن عمل کے لیے پاکستان نے اپنا کردار ادا کیا، خوشی ہے افغانستان میں انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوا، افغانستان نے بارڈر کھلا رکھنے کی درخواست کی تھی۔

شاہ محمود نے کہا اللہ نے بھٹو کے بعد کسی کو عزت دی ہے تو وہ عمران خان ہیں، پاکستانی قوم یک جا ہو گئی ہے، کچھ لوگ اپنے مفادات کے لیے کھڑے ہیں، قوم پاکستان کے لیے کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا پاکستان، ترکی اور ملائیشیا نے مل کر انگریزی چینل کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ٹی وی چینل اسلام کے صحیح تشخص کو اجاگر کرے گا اور اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرے گا۔

install suchtv android app on google app store