آصف زرداری اور نواز شریف دونوں بیمار مگر جیل میں کس کو ملیں زیادہ سہولیات ؟ تفصیلات آگئیں

سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف فائل فوٹو سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف

سابق صدر آصف زرداری اور نواز شریف دونوں مبینہ کرپشن الزامات میں گرفتار اور جیل میں قید ہیں۔

آصف زرداری اور نواز شریف دونوں بیمار اور مسلسل ادویات کا استعمال کرتے ہیں، سابق صدر اور سابق وزیراعظم دونوں کو جیل میں بی کلاس کی سہولت موجود ہیں جب کہ دونوں کو صرف فیملی ممبران اور وکیل کو ملنے کی اجازت ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری کو جیل میں ائیر کنڈیشنڈ کی سہولت نہیں جب کہ نوازشریف کو یہ سہولت دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت کے حکم کے باوجود آصف زرداری کو جیل میں ائیر کنڈیشنڈ فراہم نہیں کیا گیا، جیل قوانین کے مطابق کسی بھی قیدی کو ائیر کنڈیشنڈ کی سہولت نہیں دی جاسکتی لہٰذا نوازشریف کو میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر ائیرکنڈیشنڈ فراہم کیاگیا اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر ہی نواز شریف سے ائیرکنڈیشنڈ کی سہولت واپس لی جاسکتی ہے۔

آصف زرداری کے وکیل نے بتایا کہ سابق صدر نے جیل میں تلاوت سننے کے لیے آئی پیڈ مانگا جس سے انکار ہوگیا، اس حوالے سے جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل قوانین کے تحت کسی قیدی کو آئی پیڈ فراہم نہیں کرسکتے۔ واضح رہے کہ نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کیا ہے جب کہ نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال کی سزا ہوئی ہے۔

install suchtv android app on google app store