وزیراعظم عمران کا27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب، دورے کا وژن ’’سفیر کشمیر‘‘ ہے

وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے فائل فوٹو وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے

وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے خاص نکات مرتب کرلیے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب ’’اہم ترین نوعیت‘‘ کا ہوگا۔ وزیراعظم کا خطاب امت مسلمہ کے اہم امور، افغان مفاہمتی عمل، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور پاکستانی خارجہ پالیسی کی عکاسی کرے گا اور وہ ’’جنگ نہیں امن‘‘ اور اہم مسائل کا حل سیاسی اور مذاکرات کے ذریعے حل کر نے کا پیغام دیں گے۔

وفاق کے اہم ذرائع سے معلوم ہوا ہے وفاقی حکومت کے اہم ترین حکام نے وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے اہم نکات کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔وزیراعظم جنرل اسمبلی میں خطاب سے قبل عسکری قیادت کو بھی اعتماد میں لے سکتے ہیں۔وفاقی حکومت اور موجودہ عسکری قیادت کے درمیان اس وقت تمام امور پر تعلقات انتہائی مثالی ہیں۔سویلین اور فوجی قیادت میں قومی سلامتی سمیت تمام امور پر زبردست ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

دونوں قیادتیں باہمی مشاورت سے تمام قومی سلامتی کے امور پر حکمت عملی طے کرتی ہیں۔ یہ وجہ ہے کہ اس وقت پاکستان کی خارجہ پالیسی کو اقوام عالم میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔وزیراعظم کے خطاب کے اہم نکات یہ ہوسکتے ہیں کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اس وقت اہم ترین نکتہ ’’نوڈومور‘‘برابری کی سطح پر تعلقات‘‘ ہے۔اس اہم نکتے کے سبب پاکستان تمام اہم ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینے کی حکمت عملی پر گامزن ہے۔ وزیراعظم اپنے خطاب میں ’’مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، مودی حکومت کی ہٹ دھرمی اور آر ایس ایس کے موجودہ نظریے ‘‘ کا ذکر بھی کریں گے۔وزیراعظم کے اس دورے کا وژن ’’سفیر کشمیر‘‘ ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اپنے خطاب میں دہشت گردی کے خاتمے میں عالمی سطح پر پاکستان کے کردار اور قربانیوں، پاکستان کی مسلح افواج کے دہشت گردی کے خاتمے کے جاری کامیاب آپریشنز، مسلح افواج، سیکیورٹی اداروں وعوام کی قربانیوں و شہادتوں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی معیشت کو ہونے والے نقصانات اور دیگر کا بھی ذکر کریں گے۔وزیراعظم عمران پاکستان کی امن پسندی کے پیغام، پاک بھارت تعلقات، بھارت کی پاکستان کے خلاف سازشوں، سرحدوں پر کشیدگی پیدا کرنے میں مودی حکومت کا کردار اور دیگر امور کا بھی ذکر کریں گے۔

وزیراعظم اپنے خطاب میں امت مسلمہ کے اہم امور پر بھی گفتگو کریں گے۔ عمران خان جنرل اسمبلی میں واضح کریں گے کہ افغانستان کا مسئلہ طاقت سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل ہوگا۔ وہ اپنے دورے میں اقوام عالم کو پیغام دیں گے کہ وہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ امکان ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے قومی لباس شلوار قمیص میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اس وقت پالیسی واضح ہے کہ پاکستان بھارت سے اس وقت تک مذاکرات نہیں کرے گا جب تک وہ مقبوصہ کشمیر میں کرفیو ختم کرنے اور اس علاقے کی حیثیت میں کی جانے والی غیرقانونی تبدیلی کے فیصلے کو واپس نہیں لے گا۔ وزیراعظم عمران اپنے خطاب کے مجوزہ متن کا تفصیلی جائزہ لے کر اس کی منظوری دیں گے۔

install suchtv android app on google app store