وزیراعظم اور آرمی چیف کی لائن آف کنٹرول پر جوانوں سے ملاقات

وزیراعظم اور آرمی چیف کی لائن آف کنٹرول پر جوانوں سے ملاقات کر رہے ہیں فائل فوٹو وزیراعظم اور آرمی چیف کی لائن آف کنٹرول پر جوانوں سے ملاقات کر رہے ہیں

وزیراعظم عمراں خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جوانوں سے ملاقات کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) پہنچ گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اگلے مورچوں پر تعینات فوجی جوانوں اور شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کریں گے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مظفرآباد کا دورہ کرنے کا بھی امکان ہے جہاں وہ شہریوں سے خطاب کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام بھی موجود ہیں۔

اس سے قبل صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہید کیپٹن محمد الحسنین کے گھر کا دورہ کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے شہید کیپٹن کے اہلِ خانہ سے ملاقات میں کہا کہ پوری قوم شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے راولپنڈی میں شہید کیپٹن جنید عرفان کے گھر گئے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم کو اپنے تمام شہدا پر فخر ہے جنہوں نے پاکستان کے مستقبل کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کیپٹن کرنل شیر خان کی یادگار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو کارگل میں بہادر ی کی تاریخ رقم کرنے پر نشانِ حیدر کا اعزاز دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ آج ملک بھر میں یوم دفاع، یوم یکجہتی کشمیر کے طورپر منایا جارہا ہے جس کامقصد وطنِ عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ساتھ ساتھ بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔

اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے مزارات پر گارڈ کی تبدیلی کی پُروقار تقاریب منعقد ہوئیں، جس میں پاک فضائیہ نے مزارِ قائد جبکہ پاک فوج نے مزار اقبال پر گارڈ کے فرائض سنبھالے۔

شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم دفاع کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔

اس خصوصی تقریب میں آرمی چیف نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

یومِ دفاع و شہدا کے سلسلے میں نیول ہیڈ کورٹر اسلام آباد میں بھی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمانِ خصوصی وائس ایڈمرل کلیم شوکت تھے۔

علاوہ ازیں یوم دفاع کی مناسبت سے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آج سہ پہر 3 بجے ملک بھر میں تمام دفاتر بند کردیے گئے اور پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیریوں سے اظہارِیکجہتی کیا جارہا ہے۔

install suchtv android app on google app store