وزیراعظم نے پارٹی ترجمانوں کا اجلاس طلب کرلیا

وزیراعظم عمران خان فائل فوٹو وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے آج پارٹی ترجمانوں کا اجلاس طلب کرلیا ، جس میں وزیراعظم موجودہ صورتحال سےمتعلق ترجمانوں کوآگاہ کریں گے اور کشمیرسےمتعلق حکومتی بیانیے پر بات ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کااجلاس آج سہ پہر پی وزیراعظم آفس میں ہوگا، اجلاس میں وزیراعظم موجودہ صورتحال سےمتعلق ترجمانوں کوآگاہ کریں گے ۔اجلاس میں کشمیر سے متعلق حکومتی بیانیہ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ملکی سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا جائے۔

گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی اہم ملاقات میں مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس سے قبل یاد رہے وزیراعظم عمران خان کا امریکی انٹرویو میں کہنا تھا کہ بھارت سے مذاکرات کی بہت کوشش کرلی اب بھارت سے مذاکرات کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔بھارت نے مذاکرات کی پیشکش کو پاکستان کی کمزوری سمجھا۔

عمران خان نے کہا تھا خدشہ ہے بھارت پاکستان پرحملے کے بہانے ڈھونڈے گا، حملہ ہوا تو بھارت کو بھرپور جواب دینے پر مجبور ہوں گے، دو جوہری طاقتوں میں جنگ ہوئی تو کچھ بھی ہوسکتا ہے، اس وقت جونازک صورتحال ہے وہ صرف پاکستان نہیں پوری دنیا کے لئے خطرہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیرمیں مسلم اکثریتی علاقوں میں ہندوؤں کوآباد کرنےکی سازش کی جارہی ہے۔ اسی لاکھ سے زائد افراد کی زندگی داؤپر لگی ہوئی ہے، کشمیری مسلمانوں کے قتل عام کا خدشہ ہے۔ خیال رہے وزیراعظم عمران خان 27ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سےخطاب کریں گے، اپنے خطاب میں وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی بربریت کے معاملے کو اٹھائیں گے۔

 

install suchtv android app on google app store