پاکستان ہمیشہ سے بین المذاہب ہم آہنگی کا داعی رہا ہے اورہمیشہ صلح کا پیغام دیا، سکھ یاتریوں سے متعلق فیاض الحسن چوہان نے بڑی بات کر دی

 فیاض الحسن چوہان فائل فوٹو فیاض الحسن چوہان

صوبائی وزیر برائے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ مذہبی مقامات اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود موجودہ حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے تا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر بنایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ننکانہ صاحب کے دورہ کے دوران سر سبز و شاداب پاکستان مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ موجودہ حکومت ننکانہ صاحب میں 13 کروڑ کی لاگت سے روڈ نیٹ ورک تعمیر کر رہی ہے۔

روڈ نیٹ ورک سے سکھ یاتریوں اور عام لوگوں کو فائدہ ہو گا، 112 ایکڑ پر بابا گورو نانک یونیورسٹی کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ سکھ کمیونٹی کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کرتار پور راہداری منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ کر بھارت سمیت تمام دنیا کو امن کا پیغام دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے خطے میں امن کے قیام کے عمل میں روڑے اٹکانے کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ صلح کا پیغام دیا ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے بین المذاہب ہم آہنگی کا داعی رہا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

install suchtv android app on google app store