ڈنمارک کے وزیر خارجہ اور شاہ محمود کا ٹیلفونک رابطہ، کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار

ڈنمارک کے وزیر خارجہ اور شاہ محمود کا ٹیلفونک رابطہ فائل فوٹو ڈنمارک کے وزیر خارجہ اور شاہ محمود کا ٹیلفونک رابطہ

پاکستان نے ڈنمارک پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں عائد کرفیو کے خاتمے، عوام کی مشکلات کے ازالے اور معمولات زندگی کی بحالی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالنے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے ڈنمارک کے ہم منصب جیپی کوفوڈ نے بدھ کے روز ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ نے انہیں مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے متعلق بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام سے آگاہ کیا۔

انہوں نے نے ڈنمارک کے وزیر خارجہ کو خوراک اور ادویات کی شدید قلت اور مکمل بلیک آؤٹ سمیت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس مسئلے کو پرامن طور پر حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے لیکن بھارت کی طرف سے پاکستان کی ان کوششوں کو ہمیشہ دھتکار دیا گیا ہے۔

ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈنمارک کو کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور یورپی یونین اعلیٰ نمائندوں کے بیانات کی پوری طرح حمایت کرتے ہیں۔

جیپی کوفوڈ نے پاکستان اور بھارت دونوں پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کا راستہ اختیار کریں اور ایسے کسی بھی اقدام سے باز رہا جائے جس سے صورتحال مزید خراب ہو۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صورتحال مزید خراب ہونے سے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے ۔ دونوں لیڈروں نے خطے میں امن اور استحکام کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

install suchtv android app on google app store