ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے افسوس ناک بیان جاری: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے باضابطہ تحقیقات شروع کردی

نیپرا کاروائی فائل فوٹو نیپرا کاروائی

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک نے حالیہ بارشوں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کے بارے میں کہا ہے کہ زیادہ تر اموات گھروں میں ہوئی ہیں۔ ممکنہ طور پر کے الیکٹرک حکام یہ بیان جاری کرنے سے پہلے سوشل میڈیا پر کرنٹ لگنے کے باعث تڑپ تڑپ کر جان دینے والے لوگوں کی ویڈیوز دیکھنا بھول گئے ہوں گے۔

 ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں میں کرنٹ لگنے کے زیادہ تر واقعات گھروں کے اندر پیش آئے، ان واقعات کا مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کے واقعات پر کے الیکٹرک کے خلاف باضابطہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔ نیپرا نے کہا ہے کہ سینئر افسران پر مشتمل ٹیم تحقیقات کے لیے تعینات ہے جو 15 دن میں اپنی تحقیقات مکمل کرے گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جن میں بچے بھی شامل تھے جب کہ کرنٹ لگنے سے کئی علاقوں میں قربانی کے جانور بھی ہلاک ہوئے۔ کراچی میں کرنٹ لگنے کے باعث پیش آنے والے افسوسناک واقعات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی ہیں۔

install suchtv android app on google app store