آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور اڈیالہ جیل منتقل

آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور اڈیالہ جیل منتقل فائل فوٹو آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور اڈیالہ جیل منتقل

جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور کو پولی کلینک اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو اتوار کی شب اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فریال تالپور کو ڈاکٹروں نے اسپتال سے ڈسچارج کردیا تھا جس کے بعد جیل حکام نے انہیں اسپتال سے جیل منتقل کیا۔

خیال رہے کہ 9 اگست کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فریال تالپور کا 10 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں جیل بھیجنے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم طبعیت خراب ہونے کے باعث انہیں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور وارڈ کو سب جیل قرار دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ 10 جون کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد 14 جون کو فریال تالپور کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے گرفتار کیا اور ان کی رہایش گاہ کو سب جیل قرار دیا تھا۔

install suchtv android app on google app store