وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی مشترکہ اجلاس میں کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ، ایوان کا ماحول دیدنی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی مشترکہ اجلاس میں کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ، ایوان کا ماحول دیدنی فائل فوٹو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی مشترکہ اجلاس میں کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ، ایوان کا ماحول دیدنی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ جموں اور کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بھارتی فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے غیرقانونی اقدام کرتے ہوئے بھارت نے خود اس مسئلے کو انٹرنیشنلائز کردیا ہے اور اس کو ہم اقوام متحدہ لے کر جارہے ہیں جس کے حوالے سے چین سے تبادلہ خیال ہوا ہے۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی غیرقانونی اقدام کی پاکستان میں بھرپورمذمت کی گئی اورمقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت نےبھارتی اقدام کوتسلم نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے مسئلہ کشمیر مزید پیچیدہ کردیا، مقبوضہ کشمیرکی حیثیت تبدیلی کےاقدام کی بھارت میں بھی مخالفت کی گئی اور بھارت کے اس اقدام سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر توجہ حاصل کرچکا ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی فیصلے نے تمام کشمیری دھڑوں کو متحد کردیا ہے اور مودی سرکارکے فیصلے کے بعد بھارت نواز کشمیری اپنے ماضی پر پچھتا رہے ہیں اور بھارت خوداقوام متحدہ میں کشمیریوں سےحق خودارادیت کاوعدہ کرچکا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس معاملے کو دیکھنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اور قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہم بھارت سے تجارت کو منسوخ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں کو وزیر اعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی دیکھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد 5 فیصلے کیے گئے جس میں پہلا فیصلہ اس ایوان کی آرا اور دونوں طرف کے اراکین کے جذبات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ہم بھارت سے سفارتی تعلقات کو محدود کررہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم فی الفور بھارت سے دو طرفہ تجارت منسوخ کررہے ہیں اور بھارت کے ساتھ دو طرفہ تعلق پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے اور یہ کمیٹی اس کو دیکھے گی۔

انہوں کہا کہ کشمیریوں کی امنگ اور پاکستان کے تاریخی موقف کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے چونکہ انہوں نے تمام حدود کواز سرنو کھول دیا ہے تو ہم نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے اراکین میں ایک ہمارا پرانا اسٹریٹجک حلیف چین ہے جس کے ساتھ ہماری مشاوت ہورہی ہے اور ہوچکی ہے اور ہوسکتا ہے اس قرار داد کے بعد چینی قیادت سے مزید مشاورت کے لیے بیجنگ سے رابطہ کروں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال 14 اگست کو پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی کا دن منائے گی، ہم اپنی آزادی کا دن ان کے حق ارادیت، جذبہ اور تحریک سے منسلک کررہے ہیں اور ایک زبان ہو کر آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کی گلی گلی، کوچہ کوچہ، کریہ کریہ گونج اٹھے گی کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مشترکہ اجلاس میں کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگائے جس کا تمام اراکین نے پرجوش جواب دیا۔

install suchtv android app on google app store