راولپنڈی میں پاک آرمی کا طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹس سمیت 18 افراد جاں بحق

پاک آرمی کا چھوٹا تربیتی طیارہ موہڑہ کالو کے علاقے میں آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا فائل فوٹو پاک آرمی کا چھوٹا تربیتی طیارہ موہڑہ کالو کے علاقے میں آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا

پاک آرمی کا چھوٹا تربیتی طیارہ موہڑہ کالو کے علاقے میں آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس سمیت 18 افراد جاں بحق جب کہ 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پاک آرمی کا چھوٹا تربیتی طیارہ راولپنڈی کے علاقہ موہڑہ کالو میں آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 18 افراد شہید ہوگئے جن میں طیارے میں سوار 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 اہلکار جب کہ گھروں میں سوئے 13 عام شہری شامل ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی تھے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے میں 12 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جن میں سے زیادہ تر کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

دوسری جانب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق راولپنڈی موہڑہ کالو میں آبادی پر گرکر تباہ ہونے والا چھوٹا طیارہ پاک آرمی کا ہے جو کہ معمول کے مطابق تربیتی پرواز پر تھا۔ طیارے میں سوار 2 پائلٹ سمیت عملے کے 5 اہلکار شہید ہوئے جن میں پائلٹ لیفٹیننٹ کرنل ثاقب، لیفٹیننٹ کرنل وسیم، نائب صوبیدار افضل، حوالدار ابن امین اور حوالدار رحمت شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے جائے حادثہ کو حصار میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان نے طیارہ حادثے میں 18 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد 12 سے زائد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ طیارہ آبادی کے جن گھروں پر گرا وہاں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا اور کولنگ کا عمل جاری ہے، علاقے کی بجلی منقطع کردی گئی ہے جب کہ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

 

install suchtv android app on google app store