وزیراعظم امریکی قیادت کے دوطرفہ علاقائی اور اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے: شاہ محمود

  • اپ ڈیٹ:
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی فائل فوٹو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ امریکہ کے دوران امریکی قیادت کے ساتھ دوطرفہ علاقائی اور اہم عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیراعظم کے دورے سے پہلے واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس دورے سے پاکستان اورامریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت پرتوجہ مرکوز کی جائے گی جو گزشتہ کئی سال سے افغانستان کی صورتحال اورمعاملے پرمبنی تھے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم وائٹ ہائوس میں صدرڈونلڈٹرمپ سے ملاقات کریں گے جس میں وہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کے مشترکہ نکات کو اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم باہمی اعتماد اور تعاون پرمبنی دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

شاہ محمودقریشی نے افغانستان میںامن کے قیام اور پُرامن جنوبی ایشیا سمیت پاکستان اور افغانستان کے درمیان مشترکہ دلچسپی کے متعدد شعبوں کاذ کر کرتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن نہ ہونے سے جنوبی ایشیا دیگر ترقی یافتہ خطوں کے مقابلے میں ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیاہے۔

کشمیرکے معاملے پرانہوں نے کہاکہ یہ ایک سلگتا ہوا مسئلہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متنازعہ علاقے میں صورتحال کی سنگینی سے عالمی برادری پوری طرح آگاہ ہے۔

شاہ محمودقریشی نے پلوامہ واقعے کے تناظر میں پاکستان اوربھارت کے درمیان تنائو میں کمی لانے میںامریکہ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مفیدباہمی اقتصادی تعلقات کاخواہشمند ہے اور وزیراعظم عمران خان پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات اجاگر کریں گے۔

انہو ں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت قائم کئے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز میںپاکستان امریکہ کی جانب سے سرمایہ کاری کاخیرمقدم کرے گا۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان واشنگٹن میں پاکستانی برادری کے اجتماع سے خطاب کریں گے وہ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو، سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے ارکان اور امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے ارکان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ وزیراعظم کیپیٹل ہل میں پاکستان کاکس کے ارکان سے بھی بات چیت کریں گے جسے کانگریس کے تقریباً چالیس ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

install suchtv android app on google app store