تاجروں کی ہڑتال سے ڈر کر پیچھے ہٹا تو قوم سے غداری ہوگی: وزیراعظم

  • اپ ڈیٹ:
وزیراعظم عمران خان فائل فوٹو وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شعبہ صنعت اور سروس سے وابستہ لوگ ٹیکس نہیں دے رہے تاہم اگر وہ سمجھتے ہیں کہ ہڑتال اور دباؤ ڈال کر مجھے پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیں گے تو یہ قوم سے غداری ہوگی۔

گوجرانوالہ ایوان صنعت و تجارت کے زیر اہتمام تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں 700 ارب روپے کی چوری ہوتی تھی جس کی وجہ سے صنعتکار کا اعتماد متاثرہوا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اب ایف بی آر میں جدید اصلاحات کے ذریعے ٹیکس نیٹ کو شفاف بنائیں گے کیونکہ دنیا بھر میں ٹیکس نظام جدید خطوط پر استوار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں لیے گئے قرضوں کی وجہ سے جمع ہونے والے ٹیکس میں سے نصف قرضوں کے سود میں چلا جاتا ہے تو ملک کیسے چل سکتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ٹیکس کی عدم ادائیگی کا نتیجہ ہے کہ 50 لاکھ آبادی والے شہر گوجرانوالہ میں یونیورسٹی سمیت ایک اچھا سرکار ہسپتال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا ہماری حکومت سب کو ٹیکس نیٹ میں لے کر آئی گی تاہم واضح کردوں کہ ماضی کی طرح نظام نہیں چل سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کام ایف بی آر کو ٹھیک اور ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار وسیع کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلپ لائن متعارف کرائی جاری ہے جس کے تحت صنعتکاروں سمیت دیگر شبعوں سے تعلق افراد ٹیکس اور ایف بی آر سے متعلق اپنی شکایات ریکارڈ کرا سکیں گے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ 22 کروڑ لوگوں میں سے محض 15 لاکھ ٹیکس ادا کرتے ہیں، اگر 22 کروڑ تھوڑا ٹیکس ادا کریں تو قرضوں سے چھٹکارہ مل جائے اور تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ معاشرتی ترقی کے لیے ریاست مدینہ کے اصولوں پر عمل ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے باہر میری کوئی جائیداد یا بینک بیلنس نہیں اس لیے میری ساری توجہ پاکستان میں معاشی نظام کی بہتری پر مرکوز ہے اور میرا جینا مرنا صرف پاکستان میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے اربوں روپے بیرون ملک لے جانے والوں کا مفاد آپ لوگوں سے جدا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مشیر تجارت اور چیئرمین ایف بی آر تاجروں سے مسلسل رابطے میں رہیں گے اور ہر مرحلے میں معاونت فراہم کریں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا عملہ اور متعلقہ حکومتی ارکان تاجروں اور صنعکاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے بھرپور اقدامات اٹھارہے ہیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ صنعتی ترقی کے لیے اسمگلنگ کے خلاف بھرپور اٹھائے جارہے ہیں کیونکہ اسمگلنگ کے روکے بغیر صنعتیں آگے نہیں بڑھ سکتیں۔

install suchtv android app on google app store