سپریم کورٹ جج ویڈیو تنازع پر نوٹس لے: پیپلز پارٹی

  • اپ ڈیٹ:
پیپلز پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات نفیسہ شاہ اور سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی نیئر بخاری فائل فوٹو پیپلز پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات نفیسہ شاہ اور سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی نیئر بخاری

پیپلز پارٹی نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو تنازع پر سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

سیکریٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی نیئر بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عدلیہ کی ساکھ پر سوالات افسوسناک ہیں، سپریم کورٹ احتساب عدالت کے جج کی ویڈیو لیک ہونے پر کُھلی سماعت کرے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ماضی کے حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کرتی ہے اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی روح کئی دہائیوں سے انصاف کی منتظر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر) نسیم حسین شاہ کا اعتراف ریکارڈ پر موجود ہے اور جسٹس (ر) عبد القیوم کی گفتگو افشاء ہوچکی ہے جب کہ نیب کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال یک طرفہ احتساب سے متنازع ہوچکے ہیں۔

سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی نیئر بخاری کا مزید کہنا تھا کہ آزاد عدلیہ کا تصور یقینی بنانے کے لیے سپریم کورٹ اپنا کردار ادا کرے۔

پیپلز پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت کے جج کے حوالے سے مریم نواز کا انکشاف چشم کشا ہے، نیب کے بعد احتساب عدالتوں کی ساکھ سوالیہ نشان بن گٸی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم عمران خان حوصلہ کریں ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے بذریعہ ویڈیو نیب عدالت کے جج ارشد ملک پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے نواز شریف کیخلاف العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ حکومتی دباؤ میں سنایا تھا جس کی فاضل جج کی جانب سے تردید کردی گئی ہے۔

 

 

install suchtv android app on google app store