شہباز شریف بنے بے بسی کی تصویر، مریم نواز کی پریس کانفرنس پر حکومت بھی میدان میں آگئی

فردوس عاشق اعوان فائل فوٹو فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم عمران خان کی مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز نے ویڈیو دکھا کر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ،اس طرح کی ویڈیو ریکا رڈنگ غیر قانونی ہے ، ویڈیو کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا تب ہی حقیقت سامنے آئے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم صفدر کی پریس کانفرنس کی مذمت کرتے ہیں ۔ آج شہباز شریف بے بسی کی تصویر بنے بیٹھے تھے ۔ آج شہباز شریف ضمیر کے قیدی بنے نظر آئے ۔

مسلم لیگ ن کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم صفدر نے ایک ٹیپ لے کر مارکیٹ میں بیچنے کی کوشش کی تاکہ لوگوں کی ہمدردیا سمیٹی جائیں لیکن یہ ان کی ناکام کوشش ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے ویڈیو سے ن لیگ کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی ،آڈیو ٹیپ کو ٹمپر کرنے والے جعلساز ٹولے کا سر غنہ جیل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ناصر بٹ ایک مشہور غنڈہ ،نامور قاتل اور گینگ کا سربراہ ہے جس کے ذریعے ٹیپ بنوائی گئی ،ناصر بٹ پر قتل کے پانچ مقدمات ہیں اور وہ مریم نواز کا باڈی گاڈ رہ چکا ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس طرح میڈ یا پر عدالت لگانے کے بجائے ،یہ ثبوت عدالت میں لے کر جائیں ،آج قانون کی بات وہ کر رہے ہیں جنہوں نے عدالتوں پر حملے کرائے ،عمران خان نے کبھی عدالتوں پر حملے نہیں کرائے ۔ان کا کہنا تھا کہ مریم صفدر نے اپنے مفاد کی خاطر انصاف دلانے والے اداروں پر انگلیاں اٹھا دیں ،کسی پر الزام تراشی سے پہلے اپنا چہرہ صاف ہونا ضروری ہے ۔

install suchtv android app on google app store