پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی مکمل بحالی تک سُکھ کا سانس نہیں لے گی: بلاول بھٹو

  • اپ ڈیٹ:
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری فائل فوٹو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلیوں نے معاشرے، معیشت اور جغرافیہ کو شدید نقصان پہنچایا لیکن پیپلزپارٹی ملک میں جمہوریت کی مکمل بحالی تک سُکھ کا سانس نہیں لے گی۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 5 جولائی یومِ سیاہ کے موقع پر پیغام میں کہا کہ ضیاء نے منشیات اور غیرقانونی اسلحہ سے ملک میں نفرت، لسانیت اور مذہبی منافرت کے بیج بوئے جب کہ شہید بھٹو سمجھتے تھے کہ غربت و افلاس قدرت کے نہیں انسانوں کے پیدا کردہ ہیں، شہید بھٹو نے پوری قوم کو جگایا اوراسے بااختیار بنایا، بیگم بھٹو اور شہید بی بی نے ملک میں بحالیِ جمہوریت کے لیئے جدوجہد کی، قائدِ عوام کی جانب سے کمزور طبقات کو بااختیار بنانے پر استحصالی گروہ چوکنا ہوگیا جبکہ استحصالی گروہ کی سازشوں نے شہید بھٹو کی حکومت کا خاتمہ کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک میں جمہوریت کی مکمل بحالی تک سُکھ کا سانس نہیں لے گی، سلیکٹڈ وزیراعظم ملک کے ہرادارے، معیشت، اقدار کو تباہ کرنے پرتُلا ہوا ہے لیکن ’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘ ، کے نعرے تلے آمریتی عناصر اور سلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف انتقامی کارروائیاں 5 جولائی 1977 کا تسلسل ہیں، آمریتی عناصر اور جمہوریت پسندوں کے درمیان جنگ ابھی جاری ہے اور کچھ بھی کرلیں آخری فتح پاکستانی عوام کی ہوگی۔

install suchtv android app on google app store