دفترخارجہ نے مذہبی آزادی سے متعلق امریکی رپورٹ کو ہوا میں اُڑا دیا

دفترخارجہ پاکستان فائل فوٹو دفترخارجہ پاکستان

دفترخارجہ نے مذہبی آزادی سے متعلق امریکی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک بین المذاہب اور مختلف النوع ثقافتوں کا ملک ہے۔

تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے مذہبی آزادی کی رپورٹ مسترد کرتے ہیں، پاکستان خودمختار ملک ہے، کسی ادارے کی ایسی رپورٹس کو تسلیم نہیں کرتا۔

’’پاکستان میں تمام مذاہب اور قومیتوں کو آئین کے تحت آزادی حاصل ہے، پاکستان میں سب ایک ساتھ رہتے ہیں، آئین میں دیے گئے حقوق کی نگرانی پاکستان میں مضبوط عدلیہ کرتی ہے‘‘۔

پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ انسانی حقوق کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے، نیشنل ایکشن پلان پر 750ملین روپے کی لاگت سے کام کیا جارہا ہے۔

دفترخارجہ کے مطابق امریکی رپورٹ میں بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کو نظر انداز کیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کا نام مذہبی آزادیوں کی غیر تسلی بخش صورت حال رکھنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا تھا۔

جس کے بعد پاکستان نے مذہبی آزادی سےمتعلق امریکی رپورٹ مسترد کردی تھی اور کرارا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ تعصب پرمبنی رپورٹ امریکا کی غیرجانبداری پر سوالیہ نشان ہے، پاکستان کو اپنی اقلیتوں سے متعلق بیرونی مشورے کی ضرورت نہیں ہے۔

 

install suchtv android app on google app store