احتساب عدالت نے ملزمہ فریال تالپور کا مزید 14 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا

 سابق صدرآصف زرداری کی ہمشیرہ  فریال تالپور فائل فوٹو سابق صدرآصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور

احتساب عدالت نے جعلی اکاﺅنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ملزمہ فریال تالپور کا مزید 14 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا اور ملزمہ کو 8 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے جعلی اکاﺅنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ملزمہ فریال تالپور کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کردیا، ملزمہ کو جج محمد ارشد ملک کی عدالت میں پیش کیا گیا.

نیب نے ملزمہ کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی، وکیل صفائی لطیف کھوسہ نے کہا کہ فریال تالپور پارک لین کمپنی کی ڈائریکٹر نہیں ،پارک لین میں فریال تالپور کا کوئی کردار نہیں ۔

عدالت نے فریا ل تالپور کو روسٹرم پر بلایا،جج ارشد ملک نے استفسار کیا کہ کیا آپ کو ہسپتال لے کر گئے،فریال تالپور نے کہاکہ میڈیکل ٹیم آئی تھی بلڈپریشر کا مسئلہ تھا،میں شوگر کی مریضہ بھی ہوں، جج نے استفسار کیا کہ کیا آپ کو ہائپرٹینشن بھی ہے ،اس پر سابق صدرآصف زرداری کی ہمشیرہ نے کہا کہ جی ہاں، جج ارشد ملک نے کہا کہ جن کیخلاف مقدمات ہوں وہ ہائپرٹینشن کا شکار کیوں ہو جاتا ہے۔

عدالت نے فریال تالپور کو نشست پر بیٹھنے کی اجازت دیدی، عدالت نے فریال تالپورکا مزید 14 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا اور ملزمہ کو 8 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

install suchtv android app on google app store