مریم بی بی ہماری بیٹی ہے جو فیصلہ ہوگا متحدہ اپوزيشن کا ہوگا: آصف زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری فائل فوٹو پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ مریم بی بی ہماری بیٹی ہے، جو فیصلہ ہوگا متحدہ اپوزيشن کا ہوگا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف زرداری کو قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شرکت کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچایا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں آصف زرداری کا مریم نواز کے میثاق معیشت سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مریم بی بی ہماری بیٹی ہے، ہمارا نظریہ ہے کہ جو فیصلہ ہوگا متحدہ اپوزیشن کا ہوگا اور ایک پارٹی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوگا۔

سابق صدر نے صحافی کے سوال پر حکومت سے مفاہمت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں مفاہمت کا سلسلہ شروع ہوا؟ آپ کا سوال ہی غلط ہے۔

نوازشریف یا شہبازشریف کے بیانیے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم متحدہ اپوزیشن کے بیانیے کے ساتھ چلیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس میں میثاق معیشت کو مسترد کرتے ہوئے اسے مذاق معیشت قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ شہباز شریف نے میثاق معیشت پر بات کی ہے، میری ذاتی رائے ہے کہ میثاق معیشت مذاق معیشت ہے، جس شخص نے معیشت کا بیڑا غرق کیا اس سے کسی قسم کی بات چیت نہ کی جائے، معیشت کا بیڑا غرق کرنے والے سے میثاق نہیں کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ ملک کی خراب معاشی صورتحال پر اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو میثاق معیشت کی پیشکش کی گئی تھی جسے پہلے حکومت نے نظر انداز کیا تھا تاہم اب گزشتہ دنوں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیراعظم کی ہونے والی ملاقات میں عمران خان نے اپوزیشن کی پیشکش قبول کرلی تھی۔

اسپیکر اسد قیصر کے مطابق وزیراعظم نے کہا تھا کہ میثاق معیشت کیلئے پارلیمان کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کو تیار ہیں۔

اس تمام تر صورتحال کے بعد اپوزیشن نے میثاقِ معیشت کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کے خود رابطہ کرنے کی شرط عائد کی ہے۔

install suchtv android app on google app store