مریم نواز نے آج اپنی ہی جماعت پر خودکش حملہ کیا : فردوس عاشق اعوان

مریم نواز نے آج اپنی ہی جماعت پر خودکش حملہ کیا : فردوس عاشق اعوان فائل فوٹو مریم نواز نے آج اپنی ہی جماعت پر خودکش حملہ کیا : فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز نے آج اپنی ہی جماعت پر خودکش حملہ کیا ہے، ان کا میثاق معیشت کو مذاق قرار دینا اپنے چچا شہبازشریف کا مذاق اڑانا ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے آج اپنی پریس کانفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے حکومت کو میثاق معیشت کی پیشکش کی مخالفت کی اور کہا کہ جس شخص نے معیشت کا بیڑا غرق کیا اور جو جعلی طریقے سے اقتدار میں آیا اس کے ساتھ کوئی میثاق نہیں کرنا چاہیے۔

فردوس عاشق اعوان نے اپنے ردعمل میں مریم نواز کو راج کماری کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ آج انہوں نے جو صف ماتم بچھائی اس پر سب سے پہلے اپنے چچا کے خلاف نوحہ پڑھا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ دو بیانیوں میں دھنس گئی ہے اور آج کی گفتگو کے بعد 'مریم صفدر' کو اپنے چچا یعنی شہباز شریف سے پارٹی کی صدارت سے استعفی بھی طلب کرلینا چاہیے تھا۔

قبل ازیں مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کو تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ نوازشریف کا علاج پاکستان میں ممکن ہے لیکن ڈاکٹرز دباؤ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی کئی سرجریز ہونی ہیں ان کے علاج میں مہینے نہیں کئی سال لگیں گے۔

اس حوالے سے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج انوکھی لاڈلی راجکماری نے رپورٹوں پر صرف سیاست نہیں کی بلکہ کوالیفائڈ لوگوں کو بھی بتا دیا کہ پاکستان کی جیلوں میں 90 فیصد لوگ اس سے زیادہ سنجیدہ بیماریوں کا شکار نظر آئيں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جرائم پیشہ خاتون ہیں، آپ یہ مت بھولیں کہ آپ کی سزا ختم نہيں ہوئی، آپ ضمانت پر ہیں، آپ کوعدالت نے تمام جرائم سے بری نہيں کیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے امیر قطر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ امیر قطر کا پاکستان آنا عمران خان کی ملک دوست پالیسی پر اعتماد کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو معاہدے ہونے جارہے ہيں وہ پاکستان کے لیے ایک نئی نوید سحر کا پیغام بنیں گے۔

install suchtv android app on google app store