سلطنت شریفیہ کی سزایافتہ شہزادی اور سلطنت زرداریہ کے ولی عہد کی رائیونڈ محل میں ملاقات

معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان فائل فوٹو معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان

معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بلاول اور مریم کی ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ رائیونڈ محل میں ہونے والی سیاسی ملاقاتوں سے جمہوریت کا کوئی تعلق نہیں، سلطنتِ شریفیہ کی سزا یافتہ شہزادی سلطنتِ زرداریہ کے ولی عہد سے ملاقات کررہی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ رائیونڈمحل میں اجتماع کاجمہوریت سےتعلق نہیں، سلطنت شریفیہ کی سزایافتہ شہزادی ،سلطنت زرداریہ کےولی عہدملیں گے۔

معاونِ خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ امیدہےدونوں عدالت کو مطمئن کرنے کے لئے واضح ایجنڈا طے کریں گے، دونوں جماعتوں نےنسل در نسل سیاست اور وراثت کی منتقلی کی، آج کی بیٹھک سیاست اور وراثت کی منتقلی کاعملی ثبوت ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو شہید کی روح آج یقیناً بے چین اور بے قرار ہو گی، ابوجان کی کرپشن بچانےکی خاطر رائیونڈجا یا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ مریم نواز کی دعوت پر بلاول بھٹو زرداری پیپلزپارٹی کے وفد کے ہمراہ جاتی امرا پہنچے، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں حکومت کے خلاف ممکنہ تحریک، عدلیہ بچاؤ تحریک، نیب میں درج ہونے والے مقدمات پر بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق مریم اور بلاول نے نیب کی جانب سےگرفتاریوں اور بجٹ پر تبادلہ خیال کیا جبکہ آل پارٹیز کانفرنس میں دونوں جماعتوں نے ایک ہی بیانیہ پیش کرنے پر بھی غور کیا۔

دورانِ ملاقات مسلم لیگ ن کے وفد میں رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب، ایاز صادق اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر شامل تھے جبکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر، حسن مرتضیٰ، قمر زمان کائرہ اور چوہدری منظور موجود تھے۔

install suchtv android app on google app store