سی پیک کی حفاظت کے لئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں شامل پولیس اہلکاروں کی تربیت مکمل

سی پیک کی حفاظت کے لئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں شامل پولیس اہلکاروں کی تربیت مکمل فائل فوٹو سی پیک کی حفاظت کے لئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں شامل پولیس اہلکاروں کی تربیت مکمل

آر پی او، راولپنڈی، ڈی آئی جی پولیس محمد احسان طفیل نے کہا ہے پاکستان کی معاشی شہ رگ پاک چین اقتصادی راہداری پراجیکٹ سی پیک کی حفاظت کے لئے 470 سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں شامل پولیس اہلکاروں کی تربیت مکمل ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید اسلحہ کے استعمال اور دہشت گردی کی روک تھام کی اعلی پیشہ وارانہ تربیت کی حامل نئی پولیس فورس قانون و انصاف کی بالا دستی ، سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے قلع قمع اور سیکورٹی کے حوالے سے اہم خدمات سر انجام دے گی ۔

انہوں نے یہ بات پولیس کالج سہالہ میں پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں اشفاق عالم خان سینئر سپرنٹینڈنٹ پولیس ڈپٹی کمانڈانٹ پولیس کالج سہالہ ، سی پی او، راولپنڈی رانا فیصل دیگر پولیس افسران اور پاس آوٹ ہونے والے خصوصی یونٹ میں شامل پولیس اہلکاروں کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ محمد احسان طفیل نے اپنے خطاب میں جوانوں کو پیغام عمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض قومی جذبے اور جانفشانی کے ساتھ سر انجام دے کر ان توقعات پر پورا اتریں جن کی ان سے توقع کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پولیس اہلکار خلق خدا کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھیوں کی ڈھال اور دست و بازو بنیں اور اپنی تربیت کے عملی اظہار سے فیلڈمیں ہر قسم کی دہشت گردی ، جرائم پیشہ عناصر اور شر پسندوں کے خلاف آہنی دیوار بنیں۔ انہوں نے خصوصی دستے کے اعلی تربیتی معیار کو سراہا۔

قبل ازیں کمانڈانٹ پولیس کالج سہالہ ڈی آئی جی عباس احسن نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے 470 جوانوں نے چھ ماہ کاتربیتی کورس کامیابی کے ساتھ مکمل کیا اور انہیں ابتدائی طبی امداد ،سیکورٹی ، جدید اسلحہ کے استعمال ، فیلڈ کرافٹ ، سیلف ڈیفنس اور ایڈوانس فائرنگ کے ساتھ ساتھ مارشل آرٹ کی خصوصی تعلیم دی گئی ہے۔انہوں نے کہا ک ایس پی یو کے جوان سی پیک کی حفاظت کی اہم ذمہ داریاں سر انجام دیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ خصوصی پروٹیکشن یونٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے اور پولیس کالج سہالہ کے ساتھ ساتھ پاکستان اآرمی کے انسٹرکٹرز نے بھی تربیت میں اہم کردار اداکیا ہے۔ انہوںنے کہ کہ نوجوانوں کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی پر بھی بھرپور توجہ دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے فرائض احسن طور پر سر انجام دے سکیں۔

اس سے قبل سہالہ پولیس کالج کے پریڈ گرونڈ میں آمد کے بعد آر پی او راولپنڈی محمد احسان طفیل نے کمانڈانٹ عباس احسن کے ہمراہ مارچ پاسٹ کا معائینہ کیا ، ایس پی یو کے چاک و چوبند دستے نے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرتے ہوئے انہیں سلامی دی ، اس موقع پر تربیتی عرصے کے دوران اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں محمد شیراز ، محمد عرفان ، نعمان حمید اور عمر فاروق کو شیلڈز اور نقد انعامات دیئے گئے۔

install suchtv android app on google app store