حکومت عوام کے تعاون سے ملک کو موجودہ اقتصادی بحران سے نکال لے گی: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کیلئے فنڈ جمع کرنے سے متعلق افطار ڈنر سے خطاب کررہے ہیں اسکرین گریب وزیراعظم عمران خان شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کیلئے فنڈ جمع کرنے سے متعلق افطار ڈنر سے خطاب کررہے ہیں

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگرچہ آئندہ دو سے تین ماہ مشکل ہیں تاہم حکومت عوام کے تعاون سے ملک کو موجودہ اقتصادی بحران سے نکال لے گی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کیلئے فنڈ جمع کرنے سے متعلق افطار ڈنر میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم اتحاد کے جذبے کے ساتھ کسی بھی درپیش چیلنج سے نمٹ سکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب لوگ بیرون ملک سے روزگار کے مواقع کی تلاش کیلئے پاکستان آئیں گے۔

انہوں نے کہا نشیب وفراز زندگی کا حصہ ہیں اور درپیش مسائل سے خوفزدہ ہونے کی بجائے ہمیں بلند عزم وحوصلے کے ساتھ ان کا سامنا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران ماضی کی حکومتوں کی ناقص اقتصادی کارکردگی اور قومی خزانے کی لوٹ مار کے باعث آج ملک کو اقتصادی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ادھر سندھ میں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ شروع کرنے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ پروگرام حکومت کے اہم منصوبوں کا حصہ ہے جس کا مقصد معاشرے کے کم آمدن والے افراد کیلئے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت کا روپ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ سکیم کے تحت مختلف منصوبوں کے آغاز سے سندھ کے عوام بالخصوص نوجوانوں کو کاروبار اور ملازمتوں کے مواقع ملیں گے اور معیشت اور اس سے وابستہ صنعتیں ترقی کریںگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام میں نجی شعبے کی دلچسپی انتہائی حوصلہ افزا ہے اور حکومت اس شعبے کو پروگرام میں شراکت دار بنانا چاہتی ہے۔

اجلاس میں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے کے تحت سندھ کے مختلف شہروں میں کم آمدن کے حامل افراد کیلئے مختلف منصوبے شروع کرنے پر غور کیا گیا۔

 

install suchtv android app on google app store