اپوزیشن کی ہرسازش کو ناکام بنائیں گے، اداروں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے: فردوس عاشق

فردوس عاشق فائل فوٹو فردوس عاشق

معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ حکومت کا روڈ میپ کل قوم کے سامنے رکھیں گے، اب ملک ترقی کی جانب گامزن ہے اور معیشت میں بھی بہتری کے واضح اشارے ملے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ قوم مثبت تبدیلی کی طرف رواں دواں ہے، عمران خان آہستہ آہستہ معاشی منزل کی طرف بڑھ رہے ہیں مگر کچھ لوگ چور دروازے سے خود کو زندہ رکھنے کے لیے ابھی بھی سیاست کر رہے ہیں۔

معاونِ خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ حکومت کا روڈمیپ کل قوم کےسامنے رکھیں گے، اسٹاک مارکیٹ کی بہتری معیشت میں بہتری کا واضح اشارہ ہے مگر سیاسی مردے خود کو زندہ رکھنے کے لیے وزیراعظم پر تنقید کر رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن تتر بتر اور انتشار کا شکار ہے، مریم بی بی کہتی ہیں حکومت کو گرانا نہیں چاہتے جبکہ شہباز شریف اپنا الگ بیانیہ لے کر ملک کے باہر بیٹھے ہیں، جب حوصلے پست ہوجائیں توصفوں میں افراتفری نظرآتی ہے، ہم عوام کے ساتھ مل کر اپوزیشن کی ہرسازش کو ناکام بنائیں گے اور اداروں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب سے متعلق ویڈیو کا معاملہ ٹارگٹڈ ایجنڈا ہے، اس لیے اپوزیشن جان بوجھ کر اس معاملے میں وزیراعظم کو بھی ملوث کررہی ہے، نیب کو ایک مؤثر ترجمان فوری طور پر سامنے لانا ہوگا تاکہ ہر سازش کا فوری جواب دیا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام پر امیدرہیں،معاشی محاذپرعمران خان منزل کی جانب رواں دواں ہیں،عوام اور ان کے حقوق کی جنگ جاری رہے گی اور کامیابی پاکستان کی ہی ہوگی، کچھ سیاسی بونے وزیراعظم پر تنقید کررہے ہیں مگر وہ ایسا کرنے سے پہلے اپنا چہرہ آئینے میں جاکر دیکھیں۔

install suchtv android app on google app store