وفاقی کابینہ نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے "کامیاب جوان پروگرام" کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے "کامیاب جوان پروگرام" کی منظوری دیدی فائل فوٹو وفاقی کابینہ نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے "کامیاب جوان پروگرام" کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے نوجوانوں کو اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کے لئے کامیاب جوان پروگرام کی منظوری دی ہے۔

یہ اعلان منگل کی سہ پہر اسلام آباد میں وزیراعظم کی اطلاعات و نشریات کے بارے میں خصوصی معاون ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ایک نوجوان دو کیٹگریز میں ایک لاکھ روپے سے 50 لاکھ روپے تک قرضہ لے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی کیٹگری میں بینک چھ فیصد شرح سود پر پانچ لاکھ روپے تک قرضہ فراہم کریں گے جس کے لئے مطلوب رقم کے دس فیصد کے مساوی ایکویٹی کی ضرورت ہو گی۔

دوسری کیٹگری میں ایک درخواست گزار آٹھ فیصد شرح سود پر پچاس لاکھ روپے تک قرضہ لے سکے گا اور ایکویٹی کی شرح 20 فیصد ہو گی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پچیس فیصد قرضہ مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے اور خودروزگار کے لئے نوجوان خواتین کو دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت نے نئی تعلیمی پالیسی کے بارے میں کابینہ کو جامع اور تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے مینڈیٹ کے تحت پالیسی تیار کی جائے گی اور اس پر عملدرآمد کے لئے صوبوں کو ضروری مدد اور سہولت فراہم کی جائے گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ نے روپے کی گرتی ہوئی قدر اور مہنگائی پر اس کے اثرات پر غور و خوض کیا ۔کابینہ کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ہفتے کے دن طویل المدتی معاشی منصوبے کا اعلان کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی بھی منظوری دی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے طویل المدت پالیسیوں کے ذریعے عوام کی معاشی مشکلات پر قابو پانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے مقامی حکومتوں کے بورڈ کی تشکیل اور شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر کی تقرری کی بھی منظوری دی۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے اراکین پارلیمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں متحرک رہیں تاکہ رمضان کے مہینے میں اشیائے صرف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

ایک سوال نے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے کامیاب نوجوان پروگرام کیلئے اس سال کے بجٹ میں سو ارب روپے مختص کیے ہیں جسے آئندہ سالوں میں بڑھایا جائے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف کو نیب کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے کی بجائے عدالتوں سے رجوع کرنا چاہیے۔

install suchtv android app on google app store